سائٹ ایریا میں پانی کا شدید بحران، صنعتوں کی بندش کا خدشہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 مئ 2019
ہزاروں مزدور متاثر ہوں گے، طلب کے مطابق پانی دیا جائے، صنعتکاروں کا مطالبہ
 فوٹو: فائل

ہزاروں مزدور متاثر ہوں گے، طلب کے مطابق پانی دیا جائے، صنعتکاروں کا مطالبہ فوٹو: فائل

کراچی:  سائٹ صنعتی علاقے میں پانی کی عدم فراہمی سے صنعتوں کی بندش اور ہزاروں مزدوروں کے بیروزگار ہونے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں جب کہ صنعتکاروں نے اس ضمن میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیربلدیات  سے صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل کردی ہے۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدرسلیم پاریکھ نے سائٹ کی صنعتوں کو پانی کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیاہے کہ اگر صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی گئی توپیداواری عمل بری طرح متاثر ہوگا اور بڑی تعداد میں صنعتیں بند ہوجائیں گی جس سے ہزاروں مزدور بے روزگارہوجائیں گے اورامن وامان کی صورتحال متاثرہوسکتی ہے جبکہ برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی صورت میں بین الاقوامی مارکیٹوں میں پاکستان کاامیج بھی خراب ہوگا۔

انہوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 2 ماہ سے سائٹ کی صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا جارہا۔صنعتوں میں 40ایم جی ڈی پانی کی طلب کے برعکس واٹر بورڈ نے 8ایم جی ڈی پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر تمام یقین دہانیوں کے بعد بھی صرف 1.25ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاررہاہے جو پیداواری عمل جاری رکھنے کے لیے ناکافی ہے حالانکہ حب ڈیم میں پانی کی وافر مقدار موجود ہے۔ہم یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ صنعتکاروں کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔