فیصل آباد کو صاف پانی کیلیے فرانس 11 ارب 70 کروڑ روپے قرضہ دے گا

نمائندہ ایکسپریس / اے پی پی  جمعـء 24 مئ 2019
فرانسیسی ایجنسی شہری ترقی اور بجلی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت کر رہی ہے۔ فوٹو : فائل

فرانسیسی ایجنسی شہری ترقی اور بجلی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت کر رہی ہے۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  فرانس نے فیصل آباد میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن کی استعداد کار میں بہتری کیلیے پاکستان کو94.010 ملین یورو (11ارب 70 کروڑ روپے) کا آسان شرائط پر قرضہ دیا ہے۔

فرانس کی جانب سے قرضہ دینے کیلیے معاہدے پر دستخط کی تقریب جمعرات کو ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے۔

معاہدہ پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری نور احمد، پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیریٹی اور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر جیکی امپورو نے دستخط کیے۔

فیصل آباد میں زیر زمین پانی کے معیار میں کھارا پن ہے، مجوزہ منصوبہ سے فیصل آباد میں پانی و سینی ٹیشن ایجنسی کی استعداد کار میں بہتری آئے گی۔ اس پراجیکٹ سے واسا فیصل آباد 30 ملین گیلن اضافی یومیہ پانی فراہم کرنے کے قابل ہو سکے گی، اس مقصد کیلیے واٹر ٹریٹمنٹ کا پلانٹ لگایا جائے گا۔

فرانسیسی ایجنسی شہری ترقی اور بجلی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت کر رہی ہے۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن کے شعبہ میں فرانس کا پاکستان میں یہ پہلا پراجیکٹ ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیریٹی نے مشیر خزانہ سے ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔