ون ڈےرینکنگ :دنیا کے نمبرون بولر کا تاج حفیظ کے سرپر سج گیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 28 اگست 2012
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ۔  فوٹو:اے ایف پی

پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ۔ فوٹو:اے ایف پی

دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل جاری ہونے والی آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں قومی اسپنر محمد حفیظ نے ٹسوبے کی جگہ نمبرون پوزیشن سنبھال لی، جنوبی افریقی پیسر 24 اگست کو کارڈف میں انگلینڈ کیخلاف بارش سے متاثرہ میچ میں 2.3 اوورز میں 18رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہیں لے پائے تھے، میچ کے بارش کی نذر ہوجانے کے باوجود ان کی اس کارکردگی نے انھیں پہلی پوزیشن سے محروم کردیا، جس کا فوری فائدہ پاکستانی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان محمد حفیظ کو پہنچا اور انھوں نے پہلی فرصت میں نمبرون کا تاج اپنے سرپر سجالیا، پاکستان کے ہی دوسرے اسپنر سعید اجمل بدستور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں،

ٹاپ ٹوئنٹی میں موجود تیسرے پاکستانی اسپنر شاہدآفریدی بھی حسب سابق 16ویں نمبر پر ہیں، انگلش پیسر اسٹیون فن چوتھے، مورن مورکل پانچویں، بھارتی اسپنر روی ایشون چھٹے، گریم سوان ساتویں، شکیب الحسن آٹھویں، کائل ملز نویں اور ایک درجے کی ترقی پانے والے بنگلہ دیشی اسپنر عبدالرزاق ٹاپ 10 کے آخری شریک بن گئے، پاکستان کے سہیل تنویر کا نمبر47 اور شعیب ملک کا 78 ہے،بیٹنگ میں پاکستان کے عمراکمل 12ویں پوزیشن میں کیلس کی ساجھے داری کے ساتھ بہترین ملکی بیٹسمین بنے ہوئے ہیں، ٹاپ پوزیشن پر بدستور ہاشم آملا ہیں جبکہ ویرت کوہلی دوسرے اور ابراہم ڈی ویلیئرز تیسرے درجوں پر براجمان ہیں،

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق 27ویں پوزیشن کو بہترین بنانے کیلیے کوشاں ہوں گے جبکہ شاہدآفریدی 42 اور محمد حفیظ43ویں نمبروں پر ہیں، ایک درجے تنزلی کے بعد اسدشفیق کی پوزیشن 63 ہے، اظہرعلی 73، شعیب ملک 77 اور عمران فرحت 80 پرجبکہ اوپنر ناصر جمشید ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد 114ویں نمبر پر ہیں، ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں شکیب الحسن، شین واٹسن، محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور جیک کیلس شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔