انضمام الحق کی آل ٹائم ورلڈکپ الیون میں شرجیل خان اور کامران اکمل بھی شامل

محمد یوسف انجم  جمعـء 24 مئ 2019
چیف سلیکٹر نے عمران خان کو اس ٹیم کا کپتان چنا۔

چیف سلیکٹر نے عمران خان کو اس ٹیم کا کپتان چنا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کی آل ٹائم  ورلڈکپ الیون میں شرجیل خان اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کی آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کے انتخاب کو مشکل ٹاسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے،  ہماری کرکٹ میں بہت بڑے نام موجود ہیں جنہوں نے اپنے دور میں  بہت نام کمایا ،اب ان میں سے چند کا انتخاب کرنا آسان نہیں۔

سابق کپتان نے پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ ویب سائٹ “کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے ” کےلیے اس ٹیم کا انتخاب کرکے 13 نام تجویز کیے اور عمران خان کو اس کا کپتان چنا، انضمام نے اوپنرز میں ماجد خان، سعید انور کے ساتھ شرجیل خان کو شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شرجیل خان بہت زبردست اوپنر ہے بدقسمتی سے وہ پاکستان کے لیے زیادہ کھیل نہیں پایا۔ مڈل آرڈر میں انضمام نے ظہیر عباس، جاوید میاں داد اور محمدیوسف کو منتخب کیا ہے، وہ کہتے  ہیں کہ پرفارمنس کے اعتبار سے ان کی خود کی بھی اس ٹیم میں جگہ بنتی ہے لیکن دوسروں کو ترجیح دیتا ہوں۔

انضمام کے مطابق فاسٹ بولرز میں عمران خان، وسیم اکرم، وقاریونس کے ساتھ شعیب اختر میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ اسپن بولنگ میں عبدالقادرکی بہت زیادہ خدمات ہیں تاہم  ون ڈے ٹیم میں ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی کو فہرست میں درج کروں گا۔ وکٹ کیپنگ  میں وسیم باری، معین خان ، راشد لطیف  کی بڑی خدمات ہیں لیکن  موجودہ ون ڈے کرکٹ کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس شعبے میں میری چوائس کامران اکمل ہیں،کامران بہت زبردست ہٹنگ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کو کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرائی جاسکتی ہے۔ اس کی موجودگی سے بیٹنگ کو بہت سہارا ملتاہے۔ چیف سلیکٹر  نے کہا پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک کرکٹر ہے ۔ جن کے نام نہیں لے سکے ان سے پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔