ایران میں یوگا سینٹر کے 30 افراد نامناسب لباس پہننے پر گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مئ 2019
یوگا سینٹر کی تشہیر انسٹا گرام پر کی گئی تھی (فوٹو : فائل)

یوگا سینٹر کی تشہیر انسٹا گرام پر کی گئی تھی (فوٹو : فائل)

تہران: ایران میں پولیس نے نجی گھر میں یوگا سیکھنے والے 30 افراد کو نامناسب لباس پہننے پر گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے گلستان کے دارالخلافہ گورگن میں یوگا انسٹرکٹر سمیت یوگا سیکھنے والے 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ یوگا انسٹرکٹر کو لائسنس کے بغیر یوگا سینٹر چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جب کہ یوگا سیکھنے والوں کو نامناسب لباس پہننے اور نامناسب رویہ رکھنے پر حراست میں لیا گیا۔

ایرانی شہر گورگن کے اسلامی انقلاب کی عدالت کے ڈپٹی چیف مسعود سلیمانی نے میڈیا کو بتایا کہ غیر مہذب سرگرمیوں کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز کئی دنوں سے اس گھر کی نگرانی کر رہے تھے، انسٹا گرام پر یوگا سینٹر کے حوالے سے پوسٹوں کے بعد اس سینٹر کی نگرانی بڑھائی گئی تھی۔

یوگا سینٹر سے گرفتار کیے گئے افراد کو اسی گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے اور مزید قانونی چارہ جوئی تک یہیں نظر بند رکھا جائے گا جب کہ پولیس گرفتار شدہ افراد پر عائد نامناسب لباس پہننے اور نامناسب رویے کی وضاحت میڈیا کے سامنے پیش نہیں کرسکی۔

واضح رہے کہ ایران میں کھیلوں کی مخلوط سرگرمیوں کی اجازت نہیں اور ملک میں پیشہ ورانہ سطح پر یوگا کی تربیت پر بھی پابندی عائد ہے،  یوگا سینٹر کی بندش اور گرفتاریوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔