نیب کے طرز احتساب سے سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مئ 2019
نیب اپنے مقاصد میں ناکام ہوچکا ہے اسے منجمد کردینا چاہیے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

نیب اپنے مقاصد میں ناکام ہوچکا ہے اسے منجمد کردینا چاہیے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب کے طرز احتساب سے ملکی سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی۔

سربراہ جمعیت علمائےاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے ویڈیو دیکھ کر افسوس ہوا، نیب ادارے کے طور پر اپنے احتساب کے عمل کو کھو چکا ہے، پہلے ہی دن سے کہہ رہا ہوں کہ  نیب کا ادارہ آمر کے ذہن کی تخلیق ہے، جس ملک میں متوازی عدالتی نظام ہوگا وہاں انصاف کا حصول مشکل ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نیب نے سیاسی انتقام کے نتیجے میں سیاست کے طرز عمل کو متاثر کیا اور پیسے کی گردش کو روک دیا، نیب کے طرز احتساب سے ملک کی سیاست کے ساتھ  معیشت بھی ڈوب جائے گی،  نیب اپنے مقاصد میں بالکل ناکام ہو چکا ہے اسے منجمد کردینا چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی مستقل احتساب کمیشن قائم کیا گیا تھا لیکن جب اپنے لوگ شکنجے میں آئے تو اختیارات کم کر دیئے گئے جس پر چیئرمین نے استعفی دے دیا اور پھر حکومت نے کے پی سے احتساب کا ادارہ ہی ختم کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔