چکوال؛ وزیر اعظم کا بغیر پروٹوکول اسپتال اور تھانے کا اچانک دورہ، لوگ حیران

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 25 مئ 2019
اسپتال کے مریض وزیر اعظم کو دیکھ کر حیران رہ گئے (فوٹو: فائل)

اسپتال کے مریض وزیر اعظم کو دیکھ کر حیران رہ گئے (فوٹو: فائل)

کلرکہار: وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول کے اچانک چکوال کے اسپتال اور تھانہ سٹی تلہ گنگ جاپہنچے جس پر شہریوں کو حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا اور مریضوں سے خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم کے بغیر پروٹوکول اچانک دورہ سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آر پی او تک لا علم رہے اور وزیر اعظم 20 منٹ تک ہسپتال میں موجود رہے۔

ذرائع کے مطابق دورہ کے دوران عمران خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کی ایمرجنسی کے علاوہ او پی ڈی کا بھی معائنہ کیا جبکہ عمران خان کے ہمراہ سینیٹر فیصل جاوید خان بھی موجود تھے۔ اسپتال کے مریض اور عملہ وزیر اعظم کو دیکھ کر حیران رہ گئے اور عمران خان کی آمد کا سن کر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

بعدازاں وزیر اعظم نے تھانہ سٹی تلہ گنگ کا بھی معائنہ بھی کیا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کےاچانک تھانہ سٹی تلہ گنگ کے دورہ پر انہوں نے تھانے میں صفائی کے نظام اور ریکارڈ کی پڑتال کی اورریکارڈ مکمل ہونے پر تھانے کی عملہ کو شاباش دی۔ ساتھ ہی انہوں نے تھانہ میں زیادہ آنے والے کیسسز اور مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔