پی ایس ڈی پی کا حجم آئندہ مالی سال کیلیے 8 ٹریلین روپے کردیا گیا

شہباز رانا  اتوار 26 مئ 2019
1.54ٹریلین روپے کی300نئی اسکیمیں بھی شامل کردی گئیں مجموعی تعداد1113ہوگئی۔ فوٹو: فائل

1.54ٹریلین روپے کی300نئی اسکیمیں بھی شامل کردی گئیں مجموعی تعداد1113ہوگئی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: حکومت نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی) کاحجم آئندہ مالی سال کیلیے 8ٹریلین روپے کردیاہے جبکہ پی ایس ڈی پی میں1.54ٹریلین روپے کی300نئی اسکیمیں بھی شامل کردی ہیں۔

حکومت نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر960ارب روپے کا کراچی نیوکلیئر پاورپلانٹ منصوبہ بھی پی ایس ڈی پی میں شامل کردیاہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیرخزانہ اسحق ڈار نے 2015میںپی ایس ڈی پی سے اس منصوبے کو خارج کردیاتھا۔

کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے چین635ارب روپے کا قرضہ دے گا یہ عنصر بھی مالی سال 2019-20 میں منصوبے کی پی ایس ڈی پی میں شمولیت کی وجہ بنا، منصوبے پر آئندہ مالی سال میں 102ارب روپے خرچ کیے جائیںگے، نئے بجٹ میںحکومت نے منصوبے کے لیے 18ارب روپے مختص کیے ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کے مطابق پی ایس ڈی پی میں اسکیموں کی تعداد1113 ہوگئی ہے۔ پی ایس ڈی پی کی منظوری کیلیے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بدھ کو ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔