محکمہ تعلیم سندھ کا آئی ٹی نظام ناکارہ ہوگیا، ڈیٹا غائب اورویب سائٹ بند

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 مئ 2019
ڈیٹا سسٹم سے غائب ہونے کا انکشاف سابق آئی ٹی افسر شاہد ابڑو کے جانے کے بعد ہوا،آئی ٹی ٹیم کا دورہ۔ فوٹو: فائل

ڈیٹا سسٹم سے غائب ہونے کا انکشاف سابق آئی ٹی افسر شاہد ابڑو کے جانے کے بعد ہوا،آئی ٹی ٹیم کا دورہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کا آئی ٹی سسٹم بیٹھ گیا، تمام ڈیٹا غائب ہے جب کہ محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ بھی بند ہوگئی ہے۔

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی پرویز شاہد نے محکمہ تعلیم کے آئی ٹی سسٹم کی خرابی اور سسٹم سے تمام ڈیٹا غائب ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی جانچ پڑتال کیلیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

15 روز قبل محکمہ تعلیم سندھ کا آئی ٹی نظام ڈاؤن ہوگیا تھا اور تاحال سسٹم بحال نہیں ہوسکا ہے سسٹم خراب ہوجانے کے باعث اندرون شہر سے بائیو میٹرک کیلیے آئے ہوئے ملازمین کو مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑرہا ہے، ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور تبادلے کے آرڈر جاری کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔

ذرائع کے مطابق تمام ملازمین کا ڈیٹا سسٹم سے غائب ہونے کا انکشاف سابق آئی ٹی افسر شاہد ابڑو کے جانے کے بعد ہوا آئی ٹی سسٹم کی خرابی کی تشخیص کے لیے نجی آئی ٹی کمپنی کی ٹیم نے دورہ کیا تھا اور انھوں نے سسٹم کے مکمل ناکارہ ہونے کی تصدیق کردی۔

شک ہے کہ شاہد ابڑو نے جاتے جاتے سسٹم کا تمام تر ڈیٹا اڑا دیا تاہم اس کی تصدیق کیلیے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی پرویز شاہد نے محکمہ تعلیم کے آئی ٹی سسٹم کی خرابی اور سسٹم سے تمام ڈیٹا غائب ہونے پر ایکشن لے لیا،معاملے کی جانچ پڑتال کیلیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کے سربراہ ریفارم سپورٹ یونٹ کے ہیڈ آصف اکرام ہیں۔

دیگر ممبران میں ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایوولوشن شاہ میر بھٹو،اسسٹنٹ پروفیسر آئی ٹی سائیں داد تونیو اور سافٹ ویئر سسٹم،ہارڈویئر ایند نیٹ ورکنگ کا ماہر شخص شامل ہیں جو آئی ٹی ڈیٹا سینٹر میں سسٹم بیٹھ جانے کی وجہ، آفیشل ویب سائٹ ڈاؤن اور تمام آپریشن کے منقطع ہونے کی جانچ پڑتال کے علاوہ آئی ٹی کمیٹی تجویز پیش کرے گی کہ کس طرح سسٹم کی بحالی ممکن ہے، اور جو شخص اس میں ملوث ہے کیا اس کا ارادہ مجرمانہ ہے، ٹیم کو پانچ روز میں زمہ داران کی نشاندہی کر کے رپورٹ جمع کرانی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔