لاہور میں ازبک خاتون کے اغوا کا مقدمہ درج

نعمان شیخ  اتوار 26 مئ 2019
یلینا اپنی مرضی سے لڑکے ساتھ گئی ہے، ایس ایس پی انوسٹی گیشن فوٹو: فائل

یلینا اپنی مرضی سے لڑکے ساتھ گئی ہے، ایس ایس پی انوسٹی گیشن فوٹو: فائل

 لاہور: ڈیفنس میں ازبک خاتون کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے ڈیفنس اے پولیس اسٹیشن میں ازبک لڑکی کے پاکستانی لڑکے کے ساتھ گھر سے بھاگ جانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ریگینا نامی ازبک خاتون کے مطابق اس کی بھانجی یلینا ایک ماہ قبل قانونی طریقے سے بطور آیا لاہور آئی تھی۔ یلینا کو ڈیفنس میں ڈبل ڈی 115 میں چائنیز خاتون لیڈی گاگا کے گھر بچوں کی دیکھ بھال کی نوکری ملی تھی۔

ریگینا نے بتایا کہ رواں ماہ کی 8 تاریخ کو اسے لیڈی گاگا کی کال آئی کہ یلینا گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے۔ پریشانی کے عالم میں گاگا کے گھر پہنچی تو چوکیدار مدثر نواز نے بتایا کہ یلینا کو گھر کا ڈرائیور سہیل رمضان ورغلا کے بھگا کر لے گیا ہے اور وہ لڑکیوں کو غلط کاری کے لیے استعمال کرتا ہے۔

مقدمہ میں مدعیہ ریگینا نے یہ بھی انکشاف کیا ہے یلینا کی شادی پہلے ہی سہیل نثار نامی پاکستانی سے ہوچکی ہے اور اسی کے تعاون سے یلینا پاکستان آئی تھی۔ لیڈی گاگا نے خود یلینا کو اپنے ڈرائیور کے ساتھ بھگایا ہے جو اس کو غلط کاری کے لیے استعمال کرے گا۔۔
ریگینا نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کی بھانجی کو جلد از جلد بازیاب کروایا جائے کیونکہ اس کو ڈر ہے کہ اس کو قتل نا کردیا گیا ہو۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور ذیشان اصغر نے بتایا کہ اب تک کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ یلینا اپنی مرضی سے اس لڑکے ساتھ گئی ہے اس کو اغوا نہیں کیا گیا۔ مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس تفتیش کررہی ہے اور تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جلد ہی یلینا کا سراغ لگالیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔