کسٹمز بلوچستان نے کروڑوں روپے کی اسمگل شدہ اشیا پکڑلیں

احتشام مفتی  جمعرات 29 اگست 2013
ایم سی سی گوادرنے سیگریٹس،ٹائلز،ٹائرودیگراشیااسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی، ذرائع  فوٹو: ایکسپریس/فائل

ایم سی سی گوادرنے سیگریٹس،ٹائلز،ٹائرودیگراشیااسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی، ذرائع فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آرکی جانب سے انسداد اسمگلنگ مہم میں تیزی کی ہدایات پر بلوچستان ڈائریکٹریٹ اور گوادر کسٹمز کلکٹریٹ نے اپنی موثر حکمت عملی کی بدولت گزشتہ چندروز کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ خشک دودھ، چائے کی پتی، ایرانی پلاسٹک دانہ اور اسمگل گاڑیاں ضبط کرلیں۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن نے بلوچستان کے خراب حالات اورعملے کی کمی کے باوجود اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران ایران سے پاکستان اسمگل کیا جانے والا30 لاکھ مالیت کا 20 ٹن خشک دودھ، 5 لاکھ مالیت کی چائے کی پتی جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ٹرک بھی اپنے قبضے میں لے لیے جن کی مالیت 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈانوسٹی گیشن بلوچستان نے عدالت کے حکم پر اسمگل اور نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں خلاف کارروائی کا بھی آغازکر دیا ہے اورگزشتہ چند دنوں کے دوران ایک کروڑسے زائد مالیت کی 10 اسمگل شدہ اورنان ڈیوٹی پیڈ لگژری گاڑیوں کو قبضہ میں لیا گیا ہے۔

دریں اثنا ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ گوادرکی جانب سے انسداد اسمگلنگ کے خلاف مختلف کامیاب کارروائیوں میں 1 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلی ہیں گئی۔ کلکٹریٹ کے باخبرذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ایم سی سی گوادر میں تعینات کسٹمزموبائل اسکواڈ ٹیم نے جیوانی کے مقام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسمگل کیاجانے والا9 لاکھ روپے مالیت کا ایرانی ڈیزل، 27 لاکھ روپ مالیت کے مختلف برانڈکے غیرملکی سیگریٹس، 84 لاکھ مالیت کے ایرانی ٹائلز، ٹائراورکپڑے سمیت مختلف اسمگل شدہ اشیا ضبط کیں۔

اسی طرح منگل کو ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران گوادر کلکٹریٹ نے 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے پلاسٹک دانے کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا، اسمگلرز ایرانی پلاسٹک دانہ کوئٹہ کے راستے اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے تاہم کلکٹرکسٹمز گوادر ڈاکٹرارسلان سبکتگین نے ایک خفیہ اطلاع پر ٹیم تشکیل دی جس نے منظم حکمت عملی کے تحت چھاپہ مار کر اسمگل شدہ 6250 کلوگرام پلاسٹک دانہ برآمد کرکے ضبط کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔