ہاکی ایشیا کپ، جنوبی کوریا نے اومان کو 10 گول سے ٹھکانے لگا دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2013
سیمی فائنل میں کوریا کا مقابلہ پاکستان جبکہ بھارت کا مقابلہ ملائشیا سے ہو گا۔ فوٹو؛ فائل

سیمی فائنل میں کوریا کا مقابلہ پاکستان جبکہ بھارت کا مقابلہ ملائشیا سے ہو گا۔ فوٹو؛ فائل

ایپوہ / ملائیشیا: 9ویں ہاکی ایشیا کپ میںگروپ ’ بی ‘ کے اختتامی لیگ میچز میں جنوبی کوریا نے اومان کو10-0 اور بھارت نے بنگلہ دیش کو 9-1 سے ٹھکانے لگا دیا، گروپ ’بی‘ میں بلو شرٹس نے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔

جس کے بعد اس کا سیمی فائنل میں ملائیشیا سے مقابلہ ہو گا۔ کورین سائیڈگروپ میں دوسری پوزیشن ملنے کے بعد جمعے کوگروپ ’اے ‘ کی ٹاپ ٹیم پاکستان کے مقابل میدان میں اترے گی۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے اومان کو کسی بھی مرحلے میں اُبھرنے نہیں دیا،15ویں منٹ میں جانگ جونگ ہیون نے ٹیم کا کھاتہ کھولا، 22ویں منٹ میں کانگ مون کیون نے برتری دگنی بنادی، پہلے ہاف کا اختتام اومان کے 0-2 سے خسارے پر ہوا۔

کورین پلیئرز نے دوسرے ہاف میں زیادہ جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور مزید 8 گول بناکر یکطرفہ مقابلے کو منطقی انجام تک پہنچایا، جانگ جون ہیون نے 3 جبکہ کانگ مون کیون اور یون سنگ ہون نے2 ،2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، ایک، ایک گول جوناگ مان جائی اور لی جنگ جون کے نام رہا،ایک اون گول بھی اومان کیخلاف گیا۔ بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ بھی یکطرفہ رہا، بلوشرٹس کی جانب سے روپیندر پال سنگھ نے چار گول داغے، وی آر رگوناتھ نے ہیٹ ٹرک بنائی ، نتن اور مان سنگھ نے ایک،ایک مرتبہ حریف گول کیپر کو چکمہ دیا، بنگلہ دیشی خسارہ مامون الرحمان شایان نے کم کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔