راولپنڈی میں خواتین اور بچوں کیلیے نئی جیل بنانے کا پراجیکٹ تیار

قیصر شیرازی  بدھ 29 مئ 2019
موجودہ سینٹرل جیل کی گنجائش 2500  ہے، ہر وقت  6000 تک قیدی موجود ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

موجودہ سینٹرل جیل کی گنجائش 2500  ہے، ہر وقت  6000 تک قیدی موجود ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

 راولپنڈی:  سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی بھرمار کی باعث نئی ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی، خواتین جیل اور کم عمر بچوں کے لیے نئی جیل بنانے کا پراجیکٹ تیار کر لیا گیا ہے۔

خواتین جیل اور کم عمر بچوں کے لیے نئی جیل ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی کہلائے گی۔ اس کے ایک حصہ میں عورتوں اور دوسرے حصہ میں کم عمر بچوں کی جیل ہوگی، خواتین جیل کے منتظمین بھی  خواتین اہلکار ہوں گی، نئی ڈسٹرکٹ جیل کے لیے چک بیلی خان کے قری موضع جرکھی میں600 کنال اور بسالی میں600 کنال کی اراضی کا چناؤ کیا گیا ہے جب کہ ان دونوں مقامات کا جیل کے اعلیٰ حکام کو باقاعدہ وزٹ کرا دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ احمد حسن رانجھا نے جیل حکام اور محکمہ مال کے افسران کے ہمراہ ان دونوں مقامات کا دورہ بھی کیا اور دونوں اراضی کی چیکنگ کی۔

موجودہ سینٹرل جیل راولپنڈی میں گنجائش سے زیادہ قیدی ،حوالاتی ہوگئے ہیں۔ اس میں مجموعی طور پر2200سے2500قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس میں ہر وقت 5ہزار سے6ہزار تک قیدی و حوالاتی موجود ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔