پولیس بھرتی کے امیدواروں کی پریشانی پر ایڈیشنل آئی جی کا نوٹس

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 29 اگست 2013
غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن کیلیے اسپیشل جوائنٹ ٹیم اور فارنرز سیل قائم، ٹیم کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔   فوٹو : فائل

غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن کیلیے اسپیشل جوائنٹ ٹیم اور فارنرز سیل قائم، ٹیم کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔ فوٹو : فائل

کراچی: کانسٹیبل کی آسامی کے امیدواروں کی درخواست جمع کرانے میں پریشانی کے حوالے سے ایکسپریس اخبار میں شائع ہونے والی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ 

انھوں نے زونل ڈی آئی جیز کو ہدایات کی کہ پولیس میں ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں سے درخواست فارم کی وصولی کے عمل کو آسان بنایا جائے، نوجوانوں کی رہنمائی اور پولیس میں بھرتی کے جملہ امور میں انھیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں، ضلعی ایس ایس پیز ماتحت اسٹاف کو پولیس میں بھرتی کے امیدواروں سے بلا کسی عذر درخواست فارم وصول کرنے کا پابند بنائیں بصورت دیگر شکایات کے مرتکب عملے کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کراچی پولیس،اسپیشل برانچ اور ایف آئی اے کے افسران پر مشتمل رینج اور زونل سطح پر خصوصی مشترکہ ٹیم قائم کرتے ہوئے تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

اسپیشل جوائنٹ ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی رینک کے افسر کرینگے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ درکار افرادی قوت کے ذریعے پولیس موبائل، اسپیشل برانچ اور ایف آئی اے کی مدد یقینی بناتے ہوئے منظم کارروائیاں کی جائیں رینج اور زونل سطح پر غیر قانونی تارکین وطن کے لیے فارنرز سیل قائم کیا جائے جو اسپیشل جوائنٹ ٹیم کی کارکردگی کو مانیٹر کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔