ایران خطے میں اپنی جوہری طاقت بڑھا رہا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2013
جوہری پروگرام محض توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہے، ایران کی وضاحت   فوٹو: فائل

جوہری پروگرام محض توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہے، ایران کی وضاحت فوٹو: فائل

ویانا: عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران خطے میں اپنی جوہری طاقت میں اضافہ کر رہا ہے تاہم اس نے فی الحال حساس ری ایکٹر کے منصوبے کو مؤخر کردیا ہے۔

عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنی سہ ماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران اپنی جوہری طاقت بڑھانے کے ساتھ ساتھ آئندہ کچھ عرصے میں ایک ہزار جدید یورینم سینٹری فیوجز کو ٹیسٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے کئی نئے خدشات نے جنم لیا ہے تاہم ایران نے اپنے حساس ری ایکٹر کے منصوبے کو آئندہ سال کے اوائل تک مؤخر کردیا ہے جس پر امریکی تھنک ٹینک نے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا  کہ اس ری ایکٹر کو لگانے سے ایران پلوٹونیم حاصل کرتا جسے وہ جوہری ہتھیار بنانے میں استعمال کرسکتا تھا۔

دوسری جانب ایران نے مغربی ممالک کے خدشات کو دور کرنے کی ایک بار پھر کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام محض توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہے، ایرانی حکام نے مغرب کے اس الزام کی بھی ایک بار پھر تردید کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایران خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حسن روحانی کے صدر منتخب ہونے کے بعد مغربی ممالک ان سے اس حوالے سے مثبت پیشرفت کی توقع کر رہے تھے لیکن اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد مغربی ممالک کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔