پودوں، مٹی اور قدرتی رنگوں سے پینٹنگ کرنے والا بے گھر مصور

ویب ڈیسک  جمعـء 31 مئ 2019
کیرالا کے شہر کولم میں سڑکوں پر رہنے والا شخص راجو ایک بہترین فنکار بھی ہے۔ فوٹو: ویڈیو اسکرین شاٹ

کیرالا کے شہر کولم میں سڑکوں پر رہنے والا شخص راجو ایک بہترین فنکار بھی ہے۔ فوٹو: ویڈیو اسکرین شاٹ

کیرالا: بھارت میں ایک بے گھر فن کار خداد صلاحیتوں کا مالک ہے اور وہ کوئلے،قدرتی رنگوں، پودوں کے اجزا اور مٹی وغیرہ سے دیواروں اور عمارتوں پر بڑی پینٹنگ اور میورل بناتا ہے۔

ملگجی ڈاڑھی اور میلے کپڑوں میں ملبوس یہ شخص کولم شہر کی  سڑکوں پر رہتا ہے اور لوگ اسے راجو کے نام سے پکارتے ہیں جو اس کا اصل نام نہیں ہے۔ تاہم یہ ایک کہنہ مشق فنکار ہے جو گزشتہ 8 برس سے شہریوں کو اپنے فن سے محظوظ کررہا ہے۔ کئی دیواروں اور عمارتوں پر اس نے حیرت انگیز پینٹنگ اور منظرنامے تخلیق کئے ہیں۔ یہ پتوں کو بطور برش استعمال کرتا ہے اور پودوں کے اجزا، کوئلے اور گارے کو رنگ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔

لوگ راجو کے پس منظر اور زندگی کے بارے میں جاننے کے خواہشمند نہیں لیکن جب بھی یہ کوئی نیا کام شروع کرتا ہے لوگ اس کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ وہ جدید اشیا استعمال نہیں کرتا لیکن اس کے فن پارے کسی شاہکار سے کم نہیں ہوتے اور تکمیل کے بعد لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ جاتےہیں۔

راجو مختلف رنگوں کے پتوں کو زمین پر پیس کر مختلف رنگ بناتا ہے اور اس میں اپنے ہاتھوں سے مٹی ملاتا جاتاہے جس سے براؤن اور سیاہ رنگ بنتے ہیں۔ اس کے بیگ میں نیلے، پیلے اور سرخ رنگ بھی ہیں جو قدرتی رنگ ہیں۔ اس کے بعد راجو اپنا کام شروع کرتا ہے اور دماغ کی تخلیقی قوت سے دیواروں کو مزین کرتا ہے۔

راجو نے پہلی پینٹنگ 2011 میں بنائی تھی اور اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا دماغی توازن درست نہیں اور وہ ایک روز اپنا گھربار چھوڑ کر فٹ پاتھ پر رہنے لگا تھا۔ تاہم اس کے بارے میں اتنا ہی کچھ معلوم ہوسکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔