خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 2 جون 2019
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

ٹخنے پر چوٹ لگنا
اقراء خان ، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں صفائی کر رہی ہوں جیسے کسی مہمان کی آمد پہ کی جاتی ہے۔ میں اچانک نیچے بچھے میٹ سے الجھ کے نیچے گر جاتی ہوں جس سے میرے ٹخنے پہ شدید چوٹ لگتی ہے جیسے ھڈی کے ٹوٹنے کا درد ہو ، تکلیف کی شدت سے میں نیم بے ہوش ہونے والی ہوتی ہوں ۔ مگر میری والدہ پریشان ہو کر پھٹے ہوئے میٹ کو ہی دیکھتی چلی جاتی ہیں کہ یہ کیسے پھٹ گیا ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتا ہے۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

امام مسجد کا باجرے کی روٹی دینا
اکرام اللہ خان ، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے محلے کی مسجد میں نماز پڑھنے گیا ہوں۔ وہاں ہمارے مولوی صاحب اپنے گاوں کی سوغات باجرے سے بنی ہوئی روٹی مجھے دیتے ہیں۔ وہ میں نے اس سے پہلے زندگی میں کبھی نہیں کھائی ہوتی۔ روٹی مجھے انتہائی لذیذ لگتی ہے ۔ میں تقریباً آدھی سے بھی زیادہ کھا جاتا ہوں اور باقی جیب میں یہ سوچ کر رکھ لیتا ہوں کہ گھر جا کر والدہ کو بھی چکھاوں گا۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

بازو مڑ جانا
محمودہ کلثوم، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کھانا پکا رہی ہوں ۔ کیبنٹ سے سامان نکالتے ہوئے میرا بازو مڑ جاتا ہے اور انتہائی تکلیف ہوتی ہے۔ درد سے کراہتے ہوئے میں اپنے ہمسائے کو فون کر کے بلاتی ہوں جو کہ ڈاکٹر ہے۔ وہ آ کر ایمبولنس کو کال کرتے ہیں اور مجھے ہاسپٹل لے جاتے ہیں۔ وہاں ڈاکٹرز بتاتے ہیں کہ میرے سب پٹھے خشک ہو چکے ہیں ۔ میں یہ سن کر ڈر جاتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ ابھی تو میں بالکل درست حالت میں کچن میں کام کر رہی تھی، ایک دم سے سارے اعصاب کیسے جواب دے سکتے ہیں، مگر مارے خوف کے مجھ سے کچھ بولا ہی نہیں جاتا ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

آٹا گوندھنا
سائرہ بشیر، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی امتحان کی تیاری کر رہی ہوں اور میری امی آ کر مجھے کہتی ہیں کہ کچن میں ان کی مدد کرا دوں ۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے وہ کام مکمل کرنا چاہتی ہیں۔ میں کتابیں رکھ کے ان کے ساتھ چلی جاتی ہوں اور ان سے کہتی ہوں کہ برتن نہیں دھوئوں گی، بس آٹا گوندھ دیتی ہوں۔ یہ کہہ کے میں آٹا ڈالتی ہوں تسلے میں تاکہ گوندھ سکوں۔ اسی دوران ہماری ہمسائی کے گھر سے بھی مختلف آٹے آ جاتے ہیں۔ اور میں سوچتی ہوں کہ الگ الگ کرنے کی بجائے میں ایک ساتھ سارے گوندھ لیتی ہوں۔ مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اور اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہے،گھر میں تو اس کو شفاء ملے گی۔ آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کچن میں چوہے
محمد رضوان، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر ہوں اور ان کے کچن میں رات کے وقت اپنے لئے چائے بنا رہا ہوں۔ چائے کی پتی نکالتے ہوئے میں دیکھتا ہوں کہ کیبنٹ میں ایک چوہا موجود ہے جس پر میں گھبرا کر فوراً اسے بند کر دیتا ہوں۔ دوسری بارکھولتا ہوں تو ادھر بھی ایک چوہا موجود ہوتا ہے۔ جو تیزی سے میری طرف لپکتا ہے۔ میں ہاتھ آگے کر کے اسے روکنے کی کوشش کرتا ہوں جس پہ وہ میرے ھاتھ میں آ جاتا ہے اور میں پھر اسے پکڑ لیتا ہوں کہ اس کو خود باہر پھینک آئوں مگر دیکھتا ہوں کہ وہ مر چکا ہے۔
تعبیر : خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات کو حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں۔

باہر جانے کیلئے تیار ہونا
سعدیہ نورین، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے جلدی جلدی تیار ہو رہی ہوں، ساتھ ہی دل میں یہ بھی سوچ رہی ہوں کہ میں نے بہت دیر کر دی ہے ۔ جب بال بنانے کے لئے بیٹھتی ہوں تو مجھے بال سلجھانے میں کافی مشکل پیش آتی ہے۔
تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں۔ خاص طور پہ اپنے میاں کے ساتھ غیر ضروری بحث سے گریز کریں بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار کر دیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں ۔

درخت پر چڑھنے کا مقابلہ
سعدیہ کوثر، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کالج کے ٹرپ کے ساتھ کہیں گئی ہوئی ہوں اور وہاں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کے درخت پہ چڑھنے کا مقابلہ کرتی ہوں کہ کون جلدی درخت پہ چڑھتا ہے، ہم تین دوستیں تیزی سے درخت پہ چڑھتی ہیں۔ میں سب سے پہلے اوپر مطلوبہ مقام تک پہنچ جاتی ہوں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کھانے کی دعوت
مطلوب علی خاور، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں دعوت پہ گیا ہوا ہوں اور وہاں پہ ہم کو ایک تھال میں انتہائی لذیز بھنا ہوا گوشت ملتا ہے جو کہ انتہائی مزیدار ہوتا ہے ہم سب جیسے کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں اس سے پیٹ تو بھر جاتا ہے مگر نیت سیر نہیں ہوتی۔ سچ پوچھیں تو میں نے زندگی میں کبھی اتنا لذیذ کھانا نہیں کھایا ہوتا۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

زنگ آلود چھری
جواد علی خان، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے۔ جانور کٹنا تو ناممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کہ میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں۔
تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں، ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔