ہاکی ایشیا کپ، پاکستان آج کورین دیوار گرانے کیلیے کوشاں

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 30 اگست 2013
پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں آج کوریہ سے مد مقابل ہو گی۔۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں آج کوریہ سے مد مقابل ہو گی۔۔ فوٹو: فائل

ایپوہ: ہاکی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم جمعے کو کورین دیوار گرانے کیلیے کوشاں ہوگی، فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ورلڈ کپ کھیلنے کا مقصد صرف ایک فتح دور رہ جائے گا، دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو میزبان ملائیشیا کا چیلنج درپیش ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایشیاکپ پاک بھارت ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ تک رسائی کا آخری موقع ہے، روایتی حریف ٹیمیں اپنے پولز میں سرفہرست رہتے ہوئے ناک آئوٹ مرحلے تک پہنچیں، گرین شرٹس کو کوریا کیخلاف فتح کیلیے سخت محنت کرنا پڑے گی، پاکستان کا جنوبی کوریا سے آخری سامنا ورلڈ لیگ کے تیسرے رائونڈ میں ہوا جس میں حریف ٹیم4-3 سے فتحیاب رہی تھی، اسی ناکامی نے پاکستان کی ورلڈ کپ میں رسائی کی مہم کو شدید دھچکا پہنچایا، ایونٹ میں شکست کے بعد ٹیم اتنی بے حوصلہ ہوگئی کہ ٹاپ تھری میں بھی جگہ حاصل نہ کرسکی اور ساتویں پوزیشن مقدر بنی، البتہ اب مسلسل تین میچز جیتنے کی بدولت حوصلے بلند ہیں۔

ایپوہ میں چیف کوچ اختر رسول اور طاہر زمان نے کھلاڑیوں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کرتے ہوئے ان کا مورال بلند کیا، صبح کو بھرپور ٹریننگ کے بعد دوپہر کو میٹنگ میں ویڈیوز کی مدد سے کورین ٹیم کی خوبیاں اور خامیاں دکھاکرحکمت عملی ترتیب دی گئی۔ دوسری طرف بھارتی سائیڈکی صورتحال بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں، ملائیشیا کے ساتھ ایشین گیمز میں ہونے والے مقابلے میں بلو شرٹس کو 3-2 سے مات ہوئی، اس باردونوں ٹیمیں تاریخ بدلتے ہوئے فائنل تک رسائی  یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔