سیلاب کی تباہ کاریاں؛ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ناکام ہوگئی، آفات سے نمٹنے والے اداروں کی استعداد بڑھائی جائے، سینیٹ کمیٹی

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 30 اگست 2013
سیلاب سے پورے ملک میں 12 لاکھ ایکڑ پر فصلوں کی تباہی ہوئی، 13 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 193 جاں بحق 1116 افراد زخمی ہوئے اور 31 ہزار ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل سعید علیم کی سینیٹ کمیٹی میں بریفنگ۔    فوٹو: فائل

سیلاب سے پورے ملک میں 12 لاکھ ایکڑ پر فصلوں کی تباہی ہوئی، 13 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 193 جاں بحق 1116 افراد زخمی ہوئے اور 31 ہزار ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل سعید علیم کی سینیٹ کمیٹی میں بریفنگ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ناگہانی اورقدرتی آفات کا مقابلہ کرنیوالے قومی اداروں کی مضبوطی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

حالیہ سیلاب میں لاکھوں ایکڑ پرکھڑی فصلوں کی تباہی، ہزاروں افراد کا بے گھر ہونا اور عید والے دن بھی کھلے آسمان تلے بغیر کھانے کے گزارنا قومی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) بحیثیت ادارہ ناکام ثابت ہوا اور اس کی وجوہات پیشگی اطلاعات کے فقدان اور بروقت اقدامات نہ کرنا ہے۔ ملک بھر کے تمام بڑے شہروں سے متاثرین سیلاب کی آج تک گھروں میں واپسی مکمل نہیں ہوسکی۔

ان خیالات کا اظہار سینیٹ کمیٹی برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن ڈیولپمنٹ کی چیئرپرسن سینیٹر بیگم کلثوم نے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا جس میں صغریٰ امام، سعیدہ اقبال، باز محمد خان،کامل علی آغا، خالدہ پروین، محسن لغاری کے علاوہ این ڈی ایم اے کے چیئرمین میجر جنرل سعیدعلیم اور چاروں صوبوں و فاٹا کے صوبائی این ڈی ایم اے کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیاکہ بین الاقوامی موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے پاکستان موسمیات کے حوالے سے خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹرکلثوم پروین نے کہا کہ دنیا سائنسی ترقی کے ذریعے پیشگی موسمیات، سیلاب، زلزلہ اورآفات سے آگاہی کا نظام بنا چکی ہم آج بھی ان سہولتوں سے محروم ہیں، چیئرمین کمیٹی کلثوم پروین نے کہا کہ لوگوں کی زمینوں مکانوں اور فصلوں کے نقصانات کے ازالے پرتوجہ دی جائے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل سعیدعلیم نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بارشوں کے بعد حالیہ سیلاب سے پورے ملک میں 12 لاکھ ایکڑ پر فصلوں کی تباہی ہوئی، 13 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 193 جاں بحق 1116 افرادزخمی ہوئے اور 31 ہزار ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔