کے ای ایس سی سے بجلی کی باقاعدگی سے فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا، اسحاق ڈار

بزنس رپورٹر  جمعـء 30 اگست 2013
وزیر خزانہ نے ایکس چینج کمپنیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں گے۔ فوٹو: فائل

وزیر خزانہ نے ایکس چینج کمپنیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو اسٹیٹ بینک کراچی میں مقامی اور غیر ملکی بینکوں کے چیف ایگزیکٹوز ،کارپوریٹ رہنمائوں اور ایکس چینج کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اس ملاقات میں معیشت کی کیفیت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے معیشت کو مستحکم کرنے اور معاشی عدم توازن سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بیان کیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اخراجات پر سخت نظم و ضبط کے باوجود سماجی تحفظ کے لیے بجٹ مختص کیا گیا اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کو تحفظ دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ساتھ حال ہی میں کراچی کو بجلی کی باقاعدگی سے فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ ن لیگ کی حکومت منشور کے مطابق اور بہترین قومی مفاد میں اس پروگرام میں شامل ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب نادہندگی کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ وزیر خزانہ نے ایکس چینج کمپنیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔