ججز کی غیرملکی جائیداد کی اطلاع ملی تب ہی کارروائی کی ریکوری یونٹ

ججز کے غیر ملکی اثاثوں کی چھان بین کی تو جائیدادوں کی رجسٹری شدہ نقول مل گئیں، اعلامیہ


ویب ڈیسک June 02, 2019
ججز کے خلاف ریفرنس سے متعلق وزارت قانون اور ایسٹ ریکوری یونٹ کا مشترکہ اعلامیہ جاری (فوٹو: فائل)

وزارت قانون اور ایسٹ ریکوری یونٹ نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی غیر ملکی جائیدادوں کی اطلاع ملی اسی لیے کارروائی کی اور سپریم جوڈیشل کونسل کو آگاہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف حکومت کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق وزارت قانون اور اے آر یو (ایسٹ ریکوری یونٹ) نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں کی کھوج لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کالا دھن واپس لانے کے لیے وزیر اعظم نے اثاثہ جات ریکوری یونٹ تشکیل دیا ہے جس کے تحت یہ یونٹ بیرون ملک اثاثوں کی شکایت ملنے پر کارروائی کرنے کا پابند ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایسٹ ریکوری یونٹ نے پاکستانیوں کی ملک سے باہر جائیدادیں پکڑی ہیں اور جائیدادوں کی تفصیلات ان کے متعلقہ محکموں کو بھجوائی گئیں، یونٹ کو اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی غیر ملکی جائیداد کی بھی اطلاع ملی جس پر ریکوری یونٹ نے ججز کی غیر ملکی جائیداد کی چھان بین کی اور ریکوری یونٹ کو جائیدادوں کی رجسٹری شدہ نقول مل گئیں، معلومات ریفرنس کی صورت میں منظوری کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوائیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر اور وزیر اعظم عدلیہ کے احترام اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، ریفرنس دائر کرکے صدر اور وزیراعظم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔

دریں اثنا وزارت قانون کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی جج کے خلاف کوئی نیا ریفرنس دائر نہیں ہو رہا، کچھ اخبارات میں چھپنے والی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، من گھڑت خبروں کے ذریعے متنازع صورت حال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت اعلیٰ عدلیہ کے 2 ججز کے خلاف بیرون ملک جائیدادیں رکھنے پر سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

مقبول خبریں