توہین عدالت کیس؛ سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف مختصر فیصلہ جاری کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 30 اگست 2013
 تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس اور معاملہ نمٹا دیا گیا ہے فیصلہ۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس اور معاملہ نمٹا دیا گیا ہے فیصلہ۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت نوٹس کیس کا مختصر فیصلہ جاری کردیا۔

مختصر فیصلہ جسٹس انورظہیر جمالی نے تحریرکیا جوتقریبا تین سطروں پر مشتمل ہے، فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس اور معاملہ نمٹا دیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے 28 اگست کو عمران خان کی جانب سے وضاحت کے بعد توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا تھا۔

عمران خان پر الزام تھا کہ انہوں نے الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن اوراعلیٰ عدلیہ پر الزام تراشی کی تھی، عدلیہ کے کردار کو شرمناک کہنے پر چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کو 31 جولائی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا، بعد ازاں چیف جسٹس کی مصروفیات کے باعث کیس کی سماعت جسٹس انورظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، عدالت نے عمران خان کے وکیل حامد خان کے دلائل اور اٹارنی جنرل کا موقف سننے کے بعد نوٹس واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔