اسپورٹس گاڑیوں کی درآمدپر50فیصدریگولیٹری ڈیوٹی عائد

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 31 اگست 2013
الیکٹرک ہائبرڈوہیکل کوچھوٹ،ایف بی آرنے ایس آراو 482(I)/2009  میںترامیم کردیں  فوٹو: فائل

الیکٹرک ہائبرڈوہیکل کوچھوٹ،ایف بی آرنے ایس آراو 482(I)/2009 میںترامیم کردیں فوٹو: فائل

اسلام آ باد:  وفاقی حکومت نے 1801سی سی سے 3ہزار سی سی تک کی اسپورٹس گاڑیوں کی درآمد کی پر 50فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی۔

ایف بی آر سے جمعہ کو جاری کردہ ایس آر او نمبر 742(I)/2013 کے ذریعے 13جون 2009 کو جاری کردہ ایس آر او نمبر482(I)/2009 میں ترامیم کردی ہیں۔ ترمیمی ایس آراو کے مطابق اسپورٹس گاڑیوں پر عائد کردہ 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کا اطلاق الیکٹرک ہائبرڈ گاڑیوں پر نہیں ہوگا، ترمیمی نوٹیفکیشن کے تحت 13جون2009 کو جاری ہونے والے ایس آر او میں 3 نئی شقیں شامل کی گئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ الیکٹرک ہائبرڈ گاڑیوں کے علاوہ 1801 سے 3 ہزار سی سی تک کی جوبھی اسپورٹس یوٹیلٹی گاڑیاں درآمد ہونگی ان پر 50فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔

جبکہ دنیا کے کسی بھی خطے اور ملک سے منگوائی جانے والی 2 ہزار سی سی سے زائد کی اسپورٹس گاڑیوں پر بھی 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، سی بی یو کنڈیشن میں 2 ہزار سی سی سے زائد کیAll-terrain vehicles (3یا4 پہیوں والی بائیک نما اسپورٹس گاڑیاں) کی درآمد پر بھی 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے مگر اس کیٹگری میں بھی الیکٹرک ہائبرڈ گاڑیوں کو اس ڈیوٹی سے چھوٹ دی گئی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے چونکہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ہائی برڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کی ہے اس لیے ہائبرڈ گاڑیوں پر اس ریگولیٹری کا اطلاق نہیں کیاگیا ہے جبکہ باقی گاڑیوں پر 50فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لاگو ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔