سری لنکا کا دورہ پاکستان، امید کی کرن روشن ہو گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 4 جون 2019
 سنجیدگی سے پی سی بی کے دعوت نامے پر غور کررہے ہیں،سیکریٹری ایس ایل سی۔ فوٹو: فائل

 سنجیدگی سے پی سی بی کے دعوت نامے پر غور کررہے ہیں،سیکریٹری ایس ایل سی۔ فوٹو: فائل

کولمبو: سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کا دورئہ پاکستان ممکن نظر آنے لگا جب کہ اس حوالے سے امید کی کرن روشن ہو گئی ہے۔

پاکستان کو اپنے ملک میں ٹیسٹ سیریز کیلیے کسی ٹیم کی میزبانی کیے ہوئے 10 برس بیت چکے ہیں، آخری مرتبہ سری لنکن ٹیم نے ہی 2009 میں ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کا رخ کیا مگر اسی ٹور میں دہشتگردوں نے اس پر حملہ کرکے پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے نوگو ایریا بنا دیا تھا۔

اگرچہ گذشتہ کچھ عرصے میں وہاں کچھ انٹرنیشنل کرکٹ ہوئی مگر وہ صرف ٹوئنٹی 20 کرکٹ کی حد تک محدود رہی، زمبابوے نے 2015 میں ایک روزہ میچز بھی کھیلے تھے تاہم ابھی تک کسی بھی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

پی سی بی کی جانب سے سری لنکا کو ہی2 ٹیسٹ میچز کیلیے ٹور پر راضی کیا جا رہا ہے، یہ میچز رواں سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلے جانے ہیں، پی سی بی ان کا انعقاد کراچی اور لاہور میں کرنا چاہتا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہاکہ ہم پاکستان کی دعوت پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ہمارے ملک میں حالیہ دہشتگردی کے بعد کچھ ممالک نے اپنی ٹیمیں سری لنکا بھیجنے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے،البتہ کوئی بھی فیصلہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایس ایل سی کی جانب سے سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان بھیجی جائے گی تاہم اس کی کوئی تاریخ ابھی مقرر نہیں ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔