اسلام آباد: دہشتگردی کی سازش ناکام، اعلیٰ پولیس افسر کے بھائی کے گھر سے بارود سے بھری گاڑی برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اگست 2013
ملزمان نے گاڑی کی سیٹیں کاٹ کر اور دروازوں میں 125 کلو گرام دھماکہ خیز مواد کو بڑی مہارت سے چھپا رکھا تھا، پولیس حکام  فوٹو: ایکسپریس نیوز

ملزمان نے گاڑی کی سیٹیں کاٹ کر اور دروازوں میں 125 کلو گرام دھماکہ خیز مواد کو بڑی مہارت سے چھپا رکھا تھا، پولیس حکام فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: حساس اداروں نے بہارہ کہو میں وفاقی پولیس میں کام کرنے والے ایک اعلیٰ پولیس افسر کے بھائی کے گھر سے بارود سے بھری گاڑی پکڑ کر ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حساس اداروں کے اہلکاروں نے گزشتہ رات بہارہ کہو کے علاقے سملی ڈیم روڈ پر واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر بارود سے بھری گاڑی پکڑلی جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نےناکارہ بنادیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لئے یہ گاڑی خصوصی طور پر تیار کی گئی تھی اور ملزمان نے گاڑی کی سیٹیں کاٹ کر اور دروازوں میں 125 کلو گرام دھماکہ خیز مواد کو بڑی مہارت سے چھپا رکھا تھا، بارودی مواد کو 2 ڈیٹونیٹرز کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے گاڑی میں خصوصی وائرنگ بھی کی گئی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی نان کسٹم پیڈ ہے جسے تھانہ بہارہ کہو منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گھر کے مالک حماد عادل کو سی آئی ڈی کی تحویل میں رکھا گیا ہے جہاں اس سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ عید الفطر کے روز بھی بہارہ کہو میں ناکام خودکش حملے میں مدد دینے والے 4 افراد بھی اسی علاقےسے گرفتار ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔