جوان خواتین کی خوشبو والے صابن اور اسپرے کی ریکارڈ فروخت

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 جون 2019
جوان خاتون کی بو پر مشتمل باڈی اسپرے اور صابن کی ریکارڈ تعداد میں فروخت۔ (فوٹو: ایمیزون جاپان)

جوان خاتون کی بو پر مشتمل باڈی اسپرے اور صابن کی ریکارڈ تعداد میں فروخت۔ (فوٹو: ایمیزون جاپان)

ٹوکیو: جاپان میں حسن آور اجزا بنانے والی ایک کمپنی نے دعویٰ کیا ہے ان کا تیارکردہ نیا باڈی اسپرے (ڈی اوڈورینٹ) اور صابن جوان عورت کی جسمانی بو رکھتا ہے اور کمپنی نے اس پر بہت محنت کی ہے۔ اس کے بعد سے یہ مصنوعات دھڑا دھڑ فروخت ہورہی ہے اور کمپنی بے حد مشہور ہوگئی ہے۔  

ڈیوکو کاسمیٹکس جاپان نے اس باڈی اسپرے اور دیگر مصنوعات کو تیار کیا ہے۔ ایک سال قبل جاپانی کمپنی روہتو فارماسیوٹیکلز نے کہا تھا کہ انہوں نے خاتون کے جسم سے لیکٹون سی 10 اور لیکٹون سی 11 نامی دو ایسے کیمیکل نکالے ہیں جو جوان عورتوں میں تو بھرپور پائے جاتے ہیں جبکہ عمررسیدہ خواتین میں موجود نہیں ہوتے۔

اس کی تلاش کے لیے کمپنی نے نوعمر لڑکیوں سے لے کر 50 کے عشرے میں موجود 500 خواتین کا جائزہ لیا۔ روہتو کمپنی نے بتایا کہ دونوں کیمیکل کی مقدار سب سے ذیادہ نوعمر اور بلوغت کی جانب بڑھتی ہوئی لڑکیوں میں پائی جاتی ہے اور 35 برس کے بعد ان کی مقدار گھٹنا شروع ہوجاتی ہے۔ اسی بنا پر اب ڈیوکو کمپنی نے کاسمیٹکس مصنوعات بنائی ہیں جن میں لیکٹون سی 10 اور لیکٹون سی 11 کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔

2018 کے موسمِ بہار میں یہ مصنوعات بنائی گئیں اور ایمیزون جاپان کی فہرست میں خواتین کے سب سے بہترین صابن کا درجہ پاچکی ہیں۔ کمپنی کا خیال تھا کہ بوڑھی خواتین اسے خرید کر جوانی کی بو کو دوبارہ پاسکیں گی اور ایسا ہی ہوا جس کی بدولت یہ تیزی سے فروخت ہورہی ہیں۔ لیکن حیرت انگیز طور پر تنہائی کے شکار مرد بھی اسے دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں۔

اپنی دلفریب خوشبو کی بنا پر اکیلے مرد اسے خرید رہے ہیں اور انہیں احساس ہوتا ہے کہ اس طرح وہ کسی جوان خاتون کو اپنے قریب محسوس کرسکتے ہیں۔ بعض افراد نے اسے ناریل اور آڑو کی خوشبو جیسا کہا ہے جو گھنٹوں تک برقرار رہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔