گولی کو کامیابی سے روکنے والا ’دھاتی فوم‘

ویب ڈیسک  جمعـء 7 جون 2019
نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی کی پروفیسر افسانے رابعائی دھاتی فوم کے ساتھ ۔ فوٹو: نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی

نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی کی پروفیسر افسانے رابعائی دھاتی فوم کے ساتھ ۔ فوٹو: نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی

ڈرہم ، نارتھ کیرولینا: ایک رائفل سے فائر کی ہوئی برق رفتار گولی کو کسی ہلکے پھلکے فوم نما مادے سے روکا جاسکتا ہے؟

امریکا کی نارتھ کیرولنیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے پاس اس کا جواب اثبات میں ہے۔ جامعہ کے انجینیئروں نے ایک نئی قسم کا بلٹ پروف مٹیریل تیار کیا ہے جو گولی روکنے میں اتنا ہی بہترین ہے لیکن روایتی مٹیریل کے مقابلے میں اس کا وزن آدھا ہے۔

اسے بنانے والی ٹیم 2015 میں ایک کم وزن شیلڈ بناچکی ہے جو ایکس رے، گیما رے اور نیوٹران ریڈی ایشن کو روک سکتی تھی۔ اب انہوں نے ’کمپوزٹ میٹل فوم‘ (سی ایم ایف) بنایا ہے جس میں پگھلی ہوئی دھاتوں میں گیس کے بلبلے شامل کئے گئے ہیں۔ اگلے مرحلے میں اسے ٹھنڈا کرکے اندر سے خالی دھاتوں لٹوؤں کی صورت دی گئی ہے۔ اس طرح وزن آدھا رہ گیا ہے لیکن گولی روکنے کی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے۔

نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی میں مکینکل انجینیئرنگ کی پروفیسر افسانے رابعائی اور ان کے ساتھیوں نے اسے تیار کیا ہے۔ تجربہ گاہ میں اس پر 50 کیلیبر کے دھاتی چھرے اور بلٹ پروف جیکٹوں کو چیردینے والی گولیاں برسائی گئیں جن کی رفتار 500 سے 885 میٹر فی سیکنڈ تھی۔ نئے مٹیریل نے 75 فیصد  چھروں کو روکا اور 78 فیصد تک گولیوں کو آگے نہ جانے دیا۔ بعض گولیاں تیسرے درجے کی پرت تک بھی نہ پہنچ سکی۔

اس مٹیریل سے ہلکے پھلکے ٹینک اور بکتربند گاڑیاں بنانے میں مدد ملے گی اور ان کا وزن کم ہونے سے گاڑیوں کی رفتار اور پھرتی میں اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔