آخری ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اگست 2013
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، عبدالرحمان اور سعید اجمل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، عبدالرحمان اور سعید اجمل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ہرارے: پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں زمبابوے کو 108 رنز سے شکست دے کر ایک روزہ میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کا دعوت دی، پاکستانی بلے بازوں نے قدرے سست مگر بہتر انداز میں بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق 67،  احمد شہزاد 54 ، ناصر جمشید 38  اور محمد حفیظ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم کی جانب ٹینڈائی چٹارا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ پروسپر اتسیا، شینگی مساکاڈزا  اور ہملٹن مساکاڈزا نے ایک ایک وکٹ لی۔

260 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم کھیل میں کسی بھی موقع پر سنبھل نہ سکی اور مسلسل اپنی وکٹیں گنواتی رہی، مڈل آرڈر میکلم والر واحد میزبان کھلاڑی تھے جنہوں نے 48 رنز کے ساتھ پاکستانی بالروں کے سامنے مزاحمت کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، زمبابوے کی پوری ٹیم 40 اوورز میں 152 رنز بنا کر واپس لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، سعید اجمل اور عبدالرحمان نے 2،2 جب کہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔