بھتہ مافیا کا خاتمہ تاجروں نے فوجی کارروائی کی حمایت کا اعلان کر دیا

بزنس رپورٹر  اتوار 1 ستمبر 2013
چھوٹے تاجروں کا کراچی میں فوج کی مدد سے ٹارگیٹڈ آپریشن کا مطالبہ۔ فوٹو؛ فائل

چھوٹے تاجروں کا کراچی میں فوج کی مدد سے ٹارگیٹڈ آپریشن کا مطالبہ۔ فوٹو؛ فائل

کراچی:  چھوٹے تاجروں نے کراچی میں فوج کے ذریعے ٹارگٹڈ آپریشن کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر انصار بیگ قادری، فنانس سیکریٹری محمد زبیر علی خان اوردیگر نے کراچی کی کشیدہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کراچی جو کہ پاکستان کا معاشی حب ہے اس میں روز بروز ٹارگٹ کلنگ ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ایسے میں کراچی میں فوج کے ذریعے ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کے مطالبہ پرکراچی کے تمام تجارتی مراکز اور شاپنگ سینٹر کے نمائندے اور چھوٹے تاجرمتفق ہیں۔

کیونکہ چھوٹے تاجروں کو کراچی شہرمیں حکومت سندھ کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے اور یہی صورتحال متعلقہ حکومتی اداروں کا بھی ہے ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کے چھوٹے تاجروں کا وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 245/Aیا پھر آئین کے آرٹیکل 149کی شق4کے تحت سوات اور وانا کی طرز پر چند ماہ یا چند دنوں کیلیے شہر کراچی فوج کے حوالے کردیں۔

اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے قائد الطا ف حسین کا کراچی میں فوج بلانے کے مطالبہ پرچھوٹے تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل کراچی تاجراتحاد خیر مقدم کرتی ہے جو درحقیقت شہر کے مایوس چھوٹے تاجروں کی آواز ہے، انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی کراچی میں فوج کے ذریعے ٹارگٹڈ آپریشن کلین اپ کی حمایت کریں گی تاکہ شہر کراچی میں امن و امان بحال ہواور کراچی میں معاشی سرگرمیاں شروع ہوں اور پاکستان کی معیشت کاپہیہ چلے اور ملک خوش حالی اور ترقی کی جانب گامزن ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔