11 فٹ لمبا مگرمچھ کھڑکی توڑ کر باورچی خانے میں داخل

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2019
خوراک کی تلاش میں سرگرداں مگر مچھ کچن کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگیا۔ فوٹو : ٹویٹر

خوراک کی تلاش میں سرگرداں مگر مچھ کچن کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگیا۔ فوٹو : ٹویٹر

فلوریڈا: امریکا میں باورچی خانے کی کھڑکی کو توڑ کر گھر میں داخل ہونے والے 11 فٹ لمبے مگر مچھ کو 2 ریسکیو اور 10 پولیس اہلکاروں کے مشترکہ آپریشن میں 2 گھنٹے کی مشقت کے بعد پکڑ لیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں بھوک سے نڈھال ایک 11 فٹ لمبا مگر مچھ خوراک کی تلاش میں اکیلے رہنے والی خاتون کے کچن کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگیا۔

مگر مچھ نے باورچی خانے کی ہر چیز کو تہس نہس کر کے رکھ دیا اور خوراک نہ ملنے کی وجہ سے وہ خاتون خانہ کی جانب بڑھا جو اس وقت کمپیوٹر پر گیم کھیل رہی تھیں۔

خوش قسمتی سے خاتون خانہ کو مگر مچھ کی موجودگی کا جلد ہی پتہ چل گیا اور انہوں نے خود کو بیڈ روم میں قید کرکے پولیس کو فون کیا، جانوروں کے تحفظ کے محکمے کے 2 اور 10 پولیس اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن میں حصہ لیا۔

اس علاقے میں عمومی طور پر نہروں میں مگرمچھ آتے رہتے ہیں تاہم چند دنوں سے یہ مگر مچھ رہائشی علاقوں میں بھی داخل ہورہے ہیں اس واقعے کے بعد بھی ایک 9 فٹ لمبے مگر مچھ کو ایک مکان میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔