گرین لینڈ میں بچوں کی پیدائش سے زیادہ اسقاط حمل ہوتے ہیں

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2019
ایک سال میں 700 بچے پیدا ہوئے جب کہ 800 اسقاط حمل کرائے گئے۔ فوٹو : فائل

ایک سال میں 700 بچے پیدا ہوئے جب کہ 800 اسقاط حمل کرائے گئے۔ فوٹو : فائل

نوک: گرین لینڈ میں بچوں کی پیدائش کی شرح سے اسقاط حمل کی شرح زیادہ ہے، 2013 سے اب تک ہر سال اوسطاً 700 بچے پیدا ہوئے جب کہ 800 خواتین نے اسقاط حمل کرایا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈنمارک سے آزادی حاصل کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ گرین لینڈ ایک ناقابل یقین ریکارڈ بھی رکھتا ہے جہاں نصف سے زیادہ حاملہ خواتین اسقاط حمل کروالیتی ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر ہزار میں سے 30 خواتین حمل ٹہرنے کے بعد اسقاط حمل کو ترجیح دیتی ہیں جب کہ ڈنمارک میں یہ شرح ہزار میں سے 12 خواتین کی ہے تاہم 2013 سے اب تک کے اعداد وشمار پریشان کن ہیں۔

تازہ اعداد وشمار کے تحت 2013 سے اب تک ہر سال اوسطاً 700 خواتین نے بچوں کو جنم دیا جب کہ دوسری طرف اُسی سال اسقاط حمل کروانے والی خواتین کی تعداد 800 ہے۔ گرین لینڈ میں اتنے بڑے پیمانے پر اسقاط حمل کی وجوہات میں تعلیم کی کمی، غربت اور سماجی ناہمواریاں ہیں۔

واضح رہے کہ گرین لینڈ کی آبادی یکم جنوری 2019 تک 55 ہزار 992 ہے، گو گرین لینڈ سرکاری طور پر خود مختار ہے لیکن پھر بھی یہ ڈنمارک کا ماتحت علاقہ ہے لیکن یہاں عمومی صحت اور بالخصوص زچہ و بچہ کی حالت نہایت دگرگوں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔