کوسٹل ہائی وے پر گاڑی کو حادثہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سمیت 3 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2019
زخمیوں میں طاہر پشکانی کے بھائی کے علاوہ 5 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں، فوٹو: ایکسپریس

زخمیوں میں طاہر پشکانی کے بھائی کے علاوہ 5 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں، فوٹو: ایکسپریس

کوئٹہ: پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے پر ایک گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ فشریز طاہر پشکانی بلوچستان میں اپنے آبائی علاقے پشکان سے عید الفطر کی چھٹیاں گزارنے کے بعد کراچی آرہے تھے کہ پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے پر سردشت کے مقام پر ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔

حادثے کے نتیجے میں طاہر پشکانی، ایک خاتون اور بچہ موقع پر ہی جاں بحق جب کہ ان کے بھائی بابا آدم، 5 خواتین اور 4 بچے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔