کراچی: بےروزگاری اور طعنوں سے تنگ باپ نے اپنے دو بچوں کو قتل کردیا، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 1 ستمبر 2013
مناف نے بیوی سے جھگڑے کے بعد 3 سالہ عائلہ اور 10 سالہ حماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

مناف نے بیوی سے جھگڑے کے بعد 3 سالہ عائلہ اور 10 سالہ حماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

کراچی: گارڈن میں بے روزگاری سے تنگ باپ نے لوگوں کے طعنوں سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کردیا۔  

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں فوارہ چوک کے قریب جبار کمپاؤنڈ کے رہائشی مناف نے بیوی سے جھگڑے کے بعد  3 سالہ عائلہ اور 10 سالہ حماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ صورت حال دیکھ کر بیوی نے خود کو اپنے دو مزید بچوں سمیت دوسرے کمرے میں بند کردیا، بچوں کے قتل کے بعد ملزم مناف فلیٹ کی چھت پر چڑھ گیا اور خودکشی کی دھمکی ینے لگا، اہل محلہ کی جانب سے اطلاع دینے پر پولیس موقع پر پہنچی اور اسے بہلا پھسلا کر نیچے اتار کر گرفتار کرلیا۔

دوران حراست پولیس اور میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں اس نے کہا کہ وہ کئی مہینوں سے بے روزگار تھا اس کے پاس اپنے بیوی بچوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں تھا جس پر بیوی اور رشتے دار اسے طعنے دیتے تھے، صورت حال سے تنگ آکر اس نے یہ اقدام اٹھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔