کوئٹہ میں بجلی كی طویل لوڈ شیڈنگ اور كم وولٹیج سے شہری بلبلا اٹھے

اسٹاف رپورٹر  پير 10 جون 2019
متعلقہ حكام بجلی کی طویل بندش كو ختم كرنے كے لئے كردار ادا كریں تاكہ بجلی كا مسئلہ حل ہو، علاقہ مکین ۔ فوٹو : فائل

متعلقہ حكام بجلی کی طویل بندش كو ختم كرنے كے لئے كردار ادا كریں تاكہ بجلی كا مسئلہ حل ہو، علاقہ مکین ۔ فوٹو : فائل

کوئٹہ: شہر كے وسطی علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جب جی چاہا كیسكو والے بجلی بند كردیتے ہیں، شہر كے بڑے علاقوں پیر ابوالخیر روڈ، سركی روڈ، فقیر محمد روڈ، كواری روڈ سمیت فاطمہ جناح روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی كی طویل لوڈ شیڈنگ كی جارہی ہے۔

علاقہ مكینوں كے مطابق شہر بھر میں پہلے تو صرف 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی تھی مگر اب كسی بھی وقت كسی بھی علاقے میں اچانک بجلی بند كردی جاتی ہے، كبھی رات كو تو كبھی دن میں كئی كئی گھنٹے بجلی كی بندش سمجھ سے بالا تر ہے اور جب اس بارے میں متعلقہ حكام سے پوچھا جائے تو تسلی بخش جواب دینے سے قاصر ہوتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ بجلی كا وولٹیج بھی اكثر علاقوں میں اس قدر كم ہو جاتا ہے كہ ایک زیرو والٹ كا بلب بھی نہیں جل پاتا، بجلی كی بندش كا نوٹس لیا جائے اور متعلقہ حكام اچانک بجلی كی بندش كو ختم كرنے كے لئے كردار ادا كریں تاكہ بجلی كا مسئلہ حل ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔