بنگال ٹائیگرز کامیابی کی راہ پر واپسی کیلیے پرامید

اسپورٹس ڈیسک  منگل 11 جون 2019
سری لنکا سے آج برسٹل میں شیڈول میچ میں بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ
 فوٹو: فائل

سری لنکا سے آج برسٹل میں شیڈول میچ میں بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ فوٹو: فائل

برسٹل:  ورلڈ کپ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹکراؤ منگل کو ہوگا تاہم بنگال ٹائیگرز کامیابی کی راہ پر واپس لوٹنے کیلیے پرامید ہیں۔

بنگلہ دیش اور سری لنکا دونوں کا اب تک میگا ایونٹ میں سفر ملا جلا رہا ہے، دونوں نے اپنے ابتدائی 3 میچز میں سے ایک ایک جیتا ہے جبکہ سیمی فائنل کے امکانات کو توانا کرنے کیلیے انھیں اپنے باقی 6 مقابلوں میں سے 5 میں کامیابی کی ضرورت ہے۔

آئی لینڈرز قدرے بہتر پوزیشن میں ہیں کیونکہ پاکستان کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث انھیں بنگال ٹائیگرز پر ایک اضافی پوائنٹ کی برتری حاصل ہے تاہم انھیں اس میچ کیلیے اپنے اہم بولر نوان پردیپ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جوکہ نیٹ پریکٹس کے دوران ہاتھ پر چوٹ کھا بیٹھے تھے۔

بنگلہ دیش نے اپنے سفر کا آغاز جنوبی افریقہ پر کامیابی سے کیا مگر بعد میں اسے نیوزی لینڈاور انگلینڈ سے شکست ہوئی۔ میزبان سائیڈ سے مقابلے میں شکیب الحسن نے سنچری اسکور کی اور ایک بار پھر وہی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

سری لنکا کو اپنے تجربہ کار بیٹسمین کوشل مینڈس سے بہتر کارکردگی کی امیدیں ہیں۔ دونوں ہی ٹیمیں کامیابی سے اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کیلیے بیتاب ہیں۔ برسٹل میں ایک بار پھر بارش رنگ میں بھنگ ڈالنے کو تیار ہے۔

صبح کے وقت میں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مقابلہ شروع ہونے تک رم جھم کا سلسلہ جاری رہے گا، اگرچہ میچ کے دوران بارش کا امکان کم ہے لیکن توقع یہی کی جارہی ہے کہ مقابلے میں دخل اندازی ہوتی رہے گی، اگر میچ بارش کی نذر ہوا تو دونوں ٹیموں کو ہی مایوسی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔