لاپتا جنگی طیارے کا ملبہ مل گیا، بھارتی فضائیہ کی تصدیق

ویب ڈیسک  منگل 11 جون 2019
لڑاکا طیارے کا ملبہ اروناچل کے شمالی علاقے میں ملا (فوٹو : فائل)

لڑاکا طیارے کا ملبہ اروناچل کے شمالی علاقے میں ملا (فوٹو : فائل)

نئی دلی: بھارتی فضائیہ نے ایک ہفتے قبل لاپتا ہونے والے اپنے جنگی طیارے AN-32 کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے ٹویٹر پر بتایا کہ 3 جون کو لاپتا ہونے والے جنگی طیارے AN-32 کا ملبہ اروناچل ریاست کے شمالی علاقے لیپو سے 16 کلومیٹر کی دوری پر مل گیا ہے۔

لواحقین کے دباؤ پر لڑاکا طیارے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن 8 روز سے جاری تھا جس میں 4 ہیلی کاپٹرز اور ایک طیارے نے حصہ لیا تھا جب کہ علاقہ مکینوں اور فوجی اہلکاروں کی مدد بھی لی گئی تھی۔

یہ خبر پڑھیں : لاپتا فوجی طیارہ خلائی مخلوق لے گئی، بھارتی میڈیا ایک اور مضحکہ خیز دعویٰ

اس سے پہلے بھی ایک مرتبہ دعویٰ کیا جاچکا ہے کہ اروناچل کے دشوار گزار علاقے کی ایک گھاٹی پر ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر کو طیارے کا ملبہ گیا ہے تاہم جب نزدیک پہنچے تو وہ طیارے کے ملبے کے بجائے ایک کچرے کا ڈھیر نکلا۔

دریں اثناء بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز ہی حساس موضوع پر مزید ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے لاپتا بھارتی جنگی طیارے کے خلائی مخلوق کے لے جانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنگی طیارے میں ایک ونگ کمانڈر، 4 فلائٹ لیفٹیننٹ، ایک اسکواڈرن لیڈر اور 7 ایئرمین سوار تھے اور تمام ہی افرادکے حادثے میں ہلاک ہونے کے امکانات قوی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔