عدنان سمیع کا ٹویٹر اکاونٹ بھی ہیک، وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگادی گئی

ویب ڈیسک  منگل 11 جون 2019
جس نے ہمارے برادر ملک پاکستان سے غداری کی اُن کی پروفائل پر عمران خان کی تصویر نظر آئے گی، ہیکرز (فوٹو: سوشل میڈیا)

جس نے ہمارے برادر ملک پاکستان سے غداری کی اُن کی پروفائل پر عمران خان کی تصویر نظر آئے گی، ہیکرز (فوٹو: سوشل میڈیا)

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اب عدنان سمیع خان کا بھی ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا اور اُن کی پروفائل پر بھی عمران خان کی تصویر لگادی گئی۔

ترک ہیکر نے امیتابھ بچن کے بعد اب بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان کا بھی ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا۔ ہیکرز نے پروفائل پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تصویر چسپاں کی اور تصویر کے نیچے نام کے ساتھ ترکی زبان میں پاکستان سے محبت کا اظہار بھی کیا اور پاکستان اور ترکی کا جھنڈا بھی لگایا۔

ہیکرز نے اپنی ایک ٹویٹ میں ایک تصویر بھی پوسٹ کی اور ساتھ ہی انہوں نے عدنان سمیع کی جانب اشارہ کرتے ہوتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جس نے ہمارے برادر ملک پاکستان سے غداری کی ہے جان لے کہ وہ اب پاکستانی وزیر اعظم اور پاکستانی جھنڈے کو اپنے پروفائل تصاویر کے طور پر دیکھے گا۔

ہیکرز نے یہ بھی کہا کہ یاد رکھو کہ سچائی جو ہے وہ ایک نظر نہ آنے والی فوج ہوتی ہے جس پر کچھ صارفین کی جانب سے حمایت بھی کی گئی اور ان ہیکرز کی مدد کرنے کی بھی پیش کش کی گئی۔

ہیکرز نے عدنان سمیع خان کے اکاؤنٹ پر اپنی تیسری ٹوئٹ میں فٹ بال کے ساتھ اپنی اور ترکی کے لوگو پر مشتمل تصویر پوسٹ کی اور گزشتہ روز امیتابھ بچن کے اکاؤنٹ پر کی جانے والی ٹویٹ یہاں بھی پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ  یہ پوری دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم آئس لینڈ کی جانب سے ترکی فٹ بالروں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں، ہم نرمی سے تو بولتے ہیں لیکن ساتھ میں ایک چھڑی بھی رکھتے ہیں اور وہاں ایک بڑے سائبر حملے سے آپ کو آگاہ کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔