ریسلر جان سینا کی فاسٹ اینڈ فیوریس 9 میں انٹری

ویب ڈیسک  منگل 11 جون 2019
فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ مئی 2020ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ مئی 2020ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

لاس اینجلس: مشہور زمانہ ہالی ووڈ فلم سیریز ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کے نویں ایڈیشن میں نامور ریسلر جان سینا کی انٹری کی تصدیق کردی گئی۔

ایکشن سے بھرپور فلم سیریز ’فاسٹ اینڈ فیوریس ‘ کے نویں ایڈیشن میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر جان سینا اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

42 سالہ جان سینا نے ٹویٹر پر تصدیق کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 برس سے فاسٹ فرنچائز اپنے مداحوں کو محظوظ کیا ہے، اس فرنچائز نے فلموں اور سنیماؤں کی تاریخ میں تفریح کے مواقع فراہم کیے ہیں جب کہ اس فرنچائز اور فیملی سے اشتراک میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔

جان سینا نے کچھ روز قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں گاڑیوں کا شوقین ہوں اور اس فرنچائز نے بھی گاڑیوں کا شوق بڑھایا ہے، وہ اسے عالمی سطح پر حقیقی طور پر کامیاب بنانا چاہتے تھے، اس کی ٹیم ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام پیش کرتی ہے میں ایسے لوگوں کے درمیان ہوں جو مجھ سے زیادہ بہتر اور باکمال ہیں، ایسے میں ان سے سیکھنا ایک حیرت انگیز تجربہ ہوگا۔

اس سے قبل فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ون ڈیزل نے کچھ ماہ قبل اپنی ایک ویڈیو میں جان سینا کی فلم میں انٹری کے حوالے سے اشارہ دیا تھا جس میں انہوں نے یہ کہا تھا کہ وہ سچائی کے لیے لڑنے والا ایک سپاہی بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ون ریس فلم بینر کے تلے بننے والی فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9 ‘ میں ون ڈیزل اداکاری کے ساتھ پروڈیوسر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ فلم کی شوٹنگ رواں ماہ کے آخر میں شروع کی جائے گی جب کہ فلم مئی 2020ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔