انگلینڈ میں برسات سے ورلڈ کپ کا مزہ کرکرا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
سری لنکا کا مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر، بنگلہ دیشی ٹیم کے 4 میچز میں 3 پوائنٹس ۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا کا مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر، بنگلہ دیشی ٹیم کے 4 میچز میں 3 پوائنٹس ۔ فوٹو : اے ایف پی

برسٹل:  برسات نے ورلڈ کپ کا مزہ کرکرا کرکے رکھ دیا جب کہ مسلسل دوسرا دوسرا میچ بارش بہالے گئی۔

ورلڈ کپ میں مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا جبکہ اب تک مجموعی طور پر یہ تیسرا مقابلہ ہے جو ابر رحمت کے سبب منعقد نہیں ہوپایا، موسم نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو میدان میں اترنے کی مہلت نہیں دی۔

پیر کے روز جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیزکے درمیان میچ بھی بارش کی وجہ سے ہی بے نتیجہ ثابت ہوا تھا، اس سے قبل سری لنکا کا پاکستان کیخلاف میچ بھی بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا تھا، اس لیے آئی لینڈرز کوبغیر کھیلے 2 قیمتی پوائنٹس مل چکے ہیں، دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم کے 4 میچز میں 3 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بارکسی ایک ایڈیشن میں دو میچز ٹاس کیے بغیر ہی ختم قرار دیے جاچکے ہیں، برسٹل میں رات بھر ہونے والی تیزبارش اور صبح آسمان پر گہرے بادلوں کی موجودگی نے مقررہ وقت پر میچ کے آغاز کے امکانات ختم کردیے تھے ٹیمیں دوپہر تک اپنے ہوٹل میں ہی رہیں، بعد ازاں سری لنکا ٹیم آئی اورکچھ آؤٹ دی فیلڈ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔اس دوران مختصر مواقعوں پر 3 پچز کا معائندہ کیا گیا۔

گراؤنڈ اسٹاف نے پانی نکالنے کیلیے اپنی پوری کوشش کی مگرمسلسل ہونے والی بارش نے 20 اوورز میچ کی امیدیں بھی ختم کردیں جس کی وجہ سے میچ آفیشل نے برطانوی وقت 1.55 پر میچ کو ختم قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اس ایونٹ میں واحد کامیابی جنوبی افریقہ کے خلاف حاصل کی تھی جبکہ سری لنکا کو واحد فتح افغانستان کے خلاف حاصل ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔