ہم آئی ایم ایف کےعوام دشمن بجٹ کومسترد کرتے ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
دوسرا کمیشن بنائیں جوبتائے کہ عمران خان کی تقریر کس نے سینسر کی، مریم اورنگزیب: فوٹو: فائل

دوسرا کمیشن بنائیں جوبتائے کہ عمران خان کی تقریر کس نے سینسر کی، مریم اورنگزیب: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم آئی ایم ایف کےعوام دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں تین کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمیشن بنایا جائے اور عمران خان کا دماغی معائنہ کریں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں، دوسرا کمیشن بنائیں جو بتائے کہ عمران خان کی تقریر کس نے سنسر کی جب کہ تیسرا کمیشن بنائیں کہ دس ماہ میں ملک کی معاشی صورتحال کیسے خراب ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم جواب دیں حکومت نے پہلی دفعہ آئی ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ کیوں پیش کیا، ہم نے قرضہ لیا 11 ہزار میگا واٹ بجلی دی، 10 ہزارکلومیٹرموٹروے بنائی اور سڑکوں کا جال بچھایا، ہم نے اس ملک سے دہشت گردی ختم کی، سی پیک لے کرآئے، ہم عوام کے سامنے ہر حساب دینے کیلئے تیار ہیں، آپ 10 ماہ کا حساب دیں جب ملکی معیشت تباہ کردی اورمعاشی خودمختاری داؤ پرلگا دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کےعوام دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے سے نظر ہٹانے کیلیے کنٹینر والی گفتگو کی گئی، اپوزیشن جیل جانے سے ڈرنے والی نہیں اوردھمکیوں سے کچھ نہیں ہوگا اپوزیشن کو نہ دھمکائیں، مولا جٹ اور سلطان راہی بننے کی کوشش نہ کریں کنٹینر سے اتریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔