’وایو‘ طوفان کراچی کے ساحلوں کے قریب پہنچ گیا، سندھ میں بارشوں کا امکان

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
بارش کی نوید حبس، چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے خوشخبری سے کم نہیں۔ فوٹو : فائل

بارش کی نوید حبس، چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے خوشخبری سے کم نہیں۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ  وایو طوفان کے سندھ میں داخل ہونے کے امکانات قوی ہوگئے ہیں جس کے باعث جمعرات سے بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے مغربی ساحل سے آنے والے طوفانی وایو نے پاکستان کا رخ کرلیا ہے اور اب یہ طوفان کراچی کے جنوب مغربی ساحلی علاقے سے محض 725 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

طوفانی ہوائیں 135 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہیں، طوفانی ہواؤں کے باعث سندھ کے اضلاع بدین، ٹھٹھہ اور تھرپارکر میں جمعرات اور جمعہ کو موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر ماہی گیروں کو بدھ کی شام سے جمعہ کی شام تک مچھلی کے شکار کے لیے سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ سندھ کے شہری اداروں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وایو طوفان اس وقت بھارتی ریاست گجرات میں داخل ہوچکا ہے اور اب اس کا رخ سندھ کی جانب ہے، گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے بارشوں کی پیش گوئی کسی خوش خبری سے کم نہیں تاہم اس موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔