نیوزی لینڈ اور بھارت کا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 13 جون 2019
آسٹریلیا کو مات دینے والے بلو شرٹس آج ایک اور بڑی دیوار ڈھانے کیلیے پرعزم. فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا کو مات دینے والے بلو شرٹس آج ایک اور بڑی دیوار ڈھانے کیلیے پرعزم. فوٹو: رائٹرز

ناٹنگھم: کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا اٹھارہواں میچ آج ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، مسسلسل بارش کے باعث اب تک میچ کا ٹاس بھی نہیں ہوسکا ہے۔ اس سے قبل ایونٹ میں اب تک 4 میچز بارش کے باعث متاثر ہوچکے ہیں۔

بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں ہی اب تک ورلڈ کپ میں ناقابل شکست ہیں تاہم کیویز اب تک 3 میچز کھیل چکے جب کہ بھارتی ٹیم نے 2 میچ کھیلے ہیں، کوہلی الیون نے اپنے گذشتہ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے 36 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس میچ کے ہیرو شیکھر دھون اپنا انگوٹھا تڑوا چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر نیوزی لینڈ 3 میچز میں اتنی ہی فتوحات کی وجہ سے موجود ہے، بولنگ چارٹ میں لوکی فرگوسن اور میٹ ہینری نمایاں ہیں جنھوں نے اب تک ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر 15 وکٹیں لی ہیں۔ اسی طرح جمی نیشام اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے بھی بھرپور سپورٹ مہیا کی ہے۔

اسی طرح ٹاپ کیوی بیٹنگ آرڈر اب تک کھیلے گئے تینوں میچز میں بہت زیادہ رنز اسکور کرچکا تاہم بھارتی بولنگ یونٹ کے سامنے نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کی آزمائش ہوسکتی ہے۔ میچ کے دوران ہی طوفان بادوباراں کا امکان ہے، اس لیے پورے 100 اوورز کا کھیل ہونے کا امکان بہت کم ہے، ابر آلود کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کیلیے ٹاس جیتنے کی صورت میں دونوں کپتان پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔