آج گرمی کا پارہ 40 ڈگری اور ہلکی بارش کا امکان

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 13 جون 2019
 گرمی کی غیر معمولی لہر کی بنیاد بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ہے
 فوٹو : فائل

 گرمی کی غیر معمولی لہر کی بنیاد بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ہے فوٹو : فائل

کراچی: آج (جمعرات)سے شہر پر 3روزہ ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہونگے، سمندری ہوائیں بند ہونے جبکہ ہو امیں نمی کاتناسب غیر معمولی طورپر بڑھنے کے سبب گرمی کی شدید لہرپیداہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر حدت جبکہ لو کے تھپیڑے چل سکتے ہیں،گرمی کا پارہ 40سے42ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،آج شام کو شہر میں آندھی جبکہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

شمالی بحیرہ عرب میں موجود طوفان کی وجہ سے شہر میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوگا جس کی وجہ سے سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں معطل ہونے جبکہ بلوچستان کی شمال مغربی گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے شہر میں  ہیٹ ویو کا امکان ہے،جس کے اثرات آج (جمعرات) تا ہفتہ برقراررہیں گے،اور اس دوران شہرمیں گرمی کاپارہ غیر معمولی طور40سے42ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج(جعمرات) کی شام شہر میں آندھی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے،موجودہ ہیٹ ویو کے دوران ہوا میں نمی کاتناسب بھی غیر معمولی طورپر بلند ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ مئی سے شروع واختتام پر یکے بعد دیگرے ہیٹ ویو کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب معتدل رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں آج سے پیدا ہونے والی گرمی کی غیر معمولی لہر کی بنیاد بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ لگ بھگ ویسی ہی صورتحال ہے،جیسی 2015میں پیدا ہوئی تھی جس کے دوران گرمی کی شدت سے ہزاروں شہری جاں بحق ہوگئے تھے، اگر سمندر ہوائیں مختصر اوقات کے لیے بند ہوتی ہے،تواس بات کا غالب امکان ہے کہ گرمی کے اثرات کچھ حدتک متوازن رہے گی،مگر سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں اگرطویل وقت کے لیے بند ہوتی ہے،تو اس کا نتیجہ شہر میں انتہائی گرمی وحدت کی شکل میں نمایاں ہوگا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان کے حوالے سے جاری کردہ تیسری ایڈوائزری کے مطابق بدھ کی صبح تک سمندری طوفان کراچی سے لگ بھگ 725کلومیٹر کی دوری پر موجود تھا،جبکہ سمندری طوفان وائیو شدید طوفان (سائیکلونک اسٹروم)شدید طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے جس کے ہمراہ سطح سمندر پر160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تندوتیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے سائیکلون کے حوالے سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق سمندری طوفان وائیوآج جمعرات اورجعمہ کے درمیان گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا،جس کی وجہ سے جنوب مشرقی سندھ(ٹھٹھ،بدین،تھرپارکر)میں آندھی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا پارہ 39.5ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ دن کے وقت ہو امیں نمی کا تناسب 58فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے موسم گرم ومرطوب رہا،دن بھر سمندری ہوائیں چلیں جن کی رفتار 30کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔