سپریم کورٹ نے شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جون 2019
پنجاب حکومت نے گرلز گائیڈ کیساتھ مکمل تعاون کیا، وکیل گرلز گائیڈ فوٹو:فائل

پنجاب حکومت نے گرلز گائیڈ کیساتھ مکمل تعاون کیا، وکیل گرلز گائیڈ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے وزیر ریلوے شیخ رشید کیخلاف گرلز گائیڈ کی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ گرلز گائیڈ کی گرائی جانیوالی دیوار اگلے دن ہی تعمیر کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پنجاب حکومت قبضہ گروپ بن گئی ہے؟ سپریم کورٹ

گرلز گائیڈ کی وکیل عائشہ حامد نے معاملہ نمٹانے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے وکیل نے گرلز گائیڈ کیساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے گرلز گائیڈ کو دی جانے والی لیز اراضی کو صرف گرلز گائیڈ کے استعمال کیلئے پابند کرتے ہوئے وزارت ریلوے کو اس زمین کے استعمال سے روک دیا۔

عدالت نے شیخ رشید، ان کے بھتیجے ایم این اے راشد شفیق، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید توہین عدالت کیس؛ سپریم کورٹ کمشنر اور ڈی سی راولپنڈی پر برہم

واضح رہے کہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق نے راولپنڈی میں گرلز گائیڈ اسکول کو خالی کرانے کے لیے اس کی دیوار گروادی تھی جس پر ان کے خلاف گرلز گائیڈ کی جانب سے توہین عدالت کا کیس دائر کیا گیا تھا کیونکہ سپریم کورٹ نے گرلز اسکول کی زمین 99 سالہ لیز پر دینے کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔