شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جون 2019
آئندہ ہفتے تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کا اعلان کریں گے،معاون خصوصی، فوٹو: فائل

آئندہ ہفتے تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کا اعلان کریں گے،معاون خصوصی، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق حکمران خاندان کو اقتدار کا غرور لے ڈوبا اور شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان گلےسڑے نظام سےعوام کو چٹکارا دلانے کا نعرہ لگا کر آئے ہیں، وقت ثابت کرے گاعمران خان کا بیانیہ سچا تھا جب کہ وزیراعظم کے اقدامات سے سیاسی گند ایک طرف ہورہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سابق حکمران خاندان کو اقتدار کا غرور لے ڈوبا، شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا، نوازشریف کو قوم نے تین بار وزیراعظم بنایا لیکن وہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے میں مصروف رہے، زرداری کو کرپٹ کہنے والے آج انہیں سیاسی قیدی کہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کو احتساب کے لیے ووٹ دیا، وزیراعظم نے انکوائری کمیشن کا اعلان کیا ہے جس کے لیے ٹی او آرز طے کیے جارہے ہیں  اور کمیشن کے سربراہ کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا وقت پورا ہوچکا جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، نواز شریف

مریم نواز کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل ایک راجکماری نے کنیزوں کے جھرمٹ میں غرور والے لب و لہجے میں بات کی، مریم کے لب و لہجے میں غرور اور تکبر سے ثابت ہوا کہ شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا۔

بجٹ کو عوامی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نےعوام کااحساس کرتے ہوئے بجٹ میں ترجیحات شامل کیں، بجٹ کی کڑوی گولی کو شوگر کوٹیڈ کرکے دے رہے ہیں جس سے مستقبل کی معاشی بیماریوں کا علاج ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے،موجودہ حکومت کسانوں کو انکی محنت کا پھل دی رہی ہے اور کسانوں کو فصل کی اچھی قیمت دے رہی ہے جب کہ چین کے ساتھ ملکر گوشت کی برآمد بڑھانے پر کام کررہے ہیں، صرف گوشت برآمد کرنے کی اجازت ہے اور زندہ جانور کی برآمد پر پابندی عائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔