رات کوپٹرول پمپ کی بندش کابیان، بھارتی حکومت پرشدید تنقید

اے ایف پی  منگل 3 ستمبر 2013
بھارتی خبرایجنسی سے اتوار کو بات چیت کرتے ہوئے وزیر تیل نے کہا کہ حکومت دیگر آپشن کے ساتھ رات کے اوقات میں پٹرول پمپ بند کرنے پر بھی غور کررہی ہے. فوٹو: اے ایف پی

بھارتی خبرایجنسی سے اتوار کو بات چیت کرتے ہوئے وزیر تیل نے کہا کہ حکومت دیگر آپشن کے ساتھ رات کے اوقات میں پٹرول پمپ بند کرنے پر بھی غور کررہی ہے. فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی:  بھارتی وزیر تیل ویڑاپہ موئیلی کی جانب سے درآمدی بل میں کمی کے لیے رات کو پٹرول پمپوں کی بندش پر غورکے بیان پر پڑوسی ملک میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

جس پر بھارتی حکومت باقاعدہ تردیدی بیان جاری کرنا پڑا۔ بھارتی خبرایجنسی سے اتوار کو بات چیت کرتے ہوئے وزیر تیل نے کہا کہ حکومت دیگر آپشن کے ساتھ رات کے اوقات میں پٹرول پمپ بند کرنے پر بھی غور کررہی ہے، اس بیان کے ساتھ ہی بھارتی الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی جس کے بعد بھارتی وزارت اطلاعات کو باقاعدہ تردیدی بیان جاری کرنا پڑا۔ بھارتی وزارت اطلاعات نے کہاکہ وزارت پٹرولیم وقدرتی گیس نے واضح کیا ہے کہ حکومت صرف مخصوص اوقات میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت کی کسی تجویز پر غور نہیں کر رہی۔

بعدازاں وزیر تیل ایک ٹی وی چینل پر اپنے دیے گئے بیان سے مکر گئے اور کہاکہ تیل کے درآمدی بل پر کنٹرول کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے میں سوچ بچار کررہا ہوں، یہ اقدامات بہت ابتدائی مرحلے میں ہیں، میں نے انھیں حتمی شکل نہیں دی، میں اقدامات کا اعلان 16 ستمبر کو کرسکتا ہوں مگرپٹرول پمپ کی بندش تجویز کا حصہ نہیں۔ بھارتی سیاسی جماعتوں بشمول اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے وزیر تیل کے بیان کا کافی مذاق اڑایا اور اسے مضحکہ خیز قراردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔