تیزرفتار گاڑیوں نے 4 موٹرسائیکل سواروں کی جان لے لی

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 ستمبر 2013
سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ متوفیان میں سے ایک کی شناخت 60 سالہ حافظ محمد اسماعیل کے نام سے کی گئی. فوٹو: فائل

سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ متوفیان میں سے ایک کی شناخت 60 سالہ حافظ محمد اسماعیل کے نام سے کی گئی. فوٹو: فائل

کراچی:  شہرکے مختلف علاقوں میں تیزرفتار گاڑیوں نے 4 موٹرسائیکل سواروں کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد2 نمبر پر انڈر پاس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون ہلاک ہوگئی، متوفیہ کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، حکام کے مطابق متوفیہ کی عمر تقریباً 60 برس معلوم ہوتی ہے تاہم اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کردی ، شیرشاہ میں موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔

سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ متوفیان میں سے ایک کی شناخت 60 سالہ حافظ محمد اسماعیل کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے کی فوری طور پر شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ، ڈاکس کے ویسٹ ہارف روڈ پر بھی ٹرک ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوانوں کی جان لے لی ، متوفیان کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں جہاں ان کی شناخت 16 سالہ عبدالخلیل ولد عبدالستار اور 20 سالہ عبدالرحیم ولد عبدالرئیس کے نام سے کی گئیں،دونوں کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی اور آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر ملازمت کرتے تھے ، پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک قبضے میں لے لیا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔