یو ایس اوپن:اگنیسکا ریڈوانسکا اپ سیٹ شکست کے بعد باہر

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2013
ٹینس: یو ایس اوپن کے تیسرے رائونڈ میں اطالوی کھلاڑی کمیلا جیورجی ہموطن روبریٹا ونسی کیخلاف شاٹ کھیل رہی ہیں،شکست نے انھیں کوارٹر فائنل میں رسائی سے محروم کردیا  ۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹینس: یو ایس اوپن کے تیسرے رائونڈ میں اطالوی کھلاڑی کمیلا جیورجی ہموطن روبریٹا ونسی کیخلاف شاٹ کھیل رہی ہیں،شکست نے انھیں کوارٹر فائنل میں رسائی سے محروم کردیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

نیویارک:  تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد یوایس اوپن سے باہرہوگئیں۔

روبریٹا ونسی نے کمیلا جیورجی کے ٹائٹل کی جانب بڑھتے قدم روکتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز اور چینی اسٹار لینا نے بھی انھیں جوائن کر لیا، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک، اینڈی مرے ، ٹوماس بریڈیچ اور لیٹن ہیوٹ نے تیسرا مرحلہ عبور کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن کے ویمنز سنگلزمیں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز، کارلا سواریز نیوارو، ایکٹرینا ماکارووا اور چینی اسٹار لینا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، سرینا ولیمز نے چوتھے راؤنڈ میں ہموطن سلونی اسٹیفنز کو 6-4، 6-1 سے ٹھکانے لگایا۔

کارلا سواریز نے جرمن حریف اینجلیک کیربر کو 4-6، 6-3، 7-6(7/3) سے قابو کیا، تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو ایکٹرینا ماکارووا نے 6-4، 6-4 سے اپ سیٹ شکست دے دی،چینی اسٹار لینا نے سربیا کی جیلینا جینکووچ کو 6-3،6-0 سے قابو کرلیا، روبریٹا ونسی نے کمیلا جیورجی کے ٹائٹل کی جانب بڑھتے قدم روک دیے، وہ ہموطن پلیئرکو شکست دے کر مسلسل دوسرے برس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، ان کی فتح کا اسکور 6-4 اور 6-2 رہا۔ یوایس اوپن 2013 میزبان مینزکھلاڑیوں کے لیے ’ تاریخی فلاپ‘ شو رہا،کوئی امریکی اس برس ہوم گرینڈ سلم کے چوتھے راؤنڈ میں نہیں پہنچ پایا۔

آخری میزبان پلیئر ٹم اسمیزک کو اسپین کے مارسیل گرینولرز نے پچھاڑدیا، دیگر مینز سنگلز تھرڈ راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے پرتگالی حریف جوآؤ سوسا کو 6-0،6-2 اور 6-2 سے مات دی، تھرڈ سیڈ اینڈی مرے نے جرمن پلیئر فلورین میئر کو 7-6(7/2)، 6-2 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا، میخائل یوزنی نے ٹامی ہاس کو 6-3، 6-2،2-6 اور 6-3 سے زیر کرلیا، لیٹن ہیوٹ نے ایوگینے ڈونسکوئے کو 6-3، 7-6(7/5)، 3-6 اور 6-1 سے ہرایا، ڈینس استومن نے آندریس سیپی، ٹوماس بریڈیچ نے فرنچ کھلاڑی جولین بینیٹو اوراسٹینسلس واورنیکا نے مارکوس بغدیتس کو زیر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔