مصباح اور حفیظ ینگسٹرزکا راستہ روک رہے ہیں، سرفراز نواز

اسپورٹس ڈیسک / اے پی پی  منگل 3 ستمبر 2013
عمر امین، صہیب اورحارث سہیل کوٹیسٹ اسکواڈمیں شامل نہ کرنا حیران کن ہے، سرفراز نواز۔ فوٹو: فائل

عمر امین، صہیب اورحارث سہیل کوٹیسٹ اسکواڈمیں شامل نہ کرنا حیران کن ہے، سرفراز نواز۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سابق ٹیسٹ پیسر سرفراز نواز نے مصباح اور حفیظ پر ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کا راستہ روکنے کا الزام عائد کر دیا۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انتہائی باصلاحیت بیٹسمینوں عمر امین، صہیب مقصود اور حارث سہیل کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنا حیران کن ہے، یہ نوجوان پلیئرز پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں اور ان کے ساتھ بڑی ناانصانی ہوئی، تینوں نے گذشتہ ڈومیسٹک سیزن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، عمر امین نے کیریئر کے بہترین281 رنز اسکور کیے لیکن اس کے باوجود انھیں اب تک ٹیسٹ میچز کیلیے نہیں چنا گیا۔ سرفراز نواز کو امید ہے کہ خرم منظور اور اسد شفیق اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے سیریز میں کافی رنز بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کمزور زمبابوے کیخلاف سیریز یونس خان اور محمد حفیظ جیسے پرانے کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچائے گی، اس سے انھیں کرکٹ میں دوبارہ زندگی ملے گی، سرفراز نے الزام لگایا کہ کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ اپنی جگہ محفوظ بنانے کیلیے نوجوان پلیئرز کو موقع نہیں دے رہے،انھوں نے کہا کہ ٹھیک ہے مصباح اچھا کھیل رہے ہیں۔

لیکن حفیظ نے ٹاپ ٹیموں کے سامنے کیا کارکردگی دکھائی؟ سرفراز کہتے ہیں کہ پاکستان میزبان ہرارے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں غلبہ حاصل کرلے گا، انھوں نے کہا کہ اگر مناسب اقدامات نہ کیے گئے اور سلیکشن میں دھاندلی ہوئی تو پاکستان کرکٹ کوئی مقام نہ حاصل کرسکے گی۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ برس بنگلہ دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 اور 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے اچھی ٹیموں کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔