سکس ریڈ اسنوکر، آصف اور ماجد کو ابتدائی میچز میں مات

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2013
راؤنڈ32 میں جگہ بنانے کیلیے ورلڈ چیمپئن کوتین انگلش حریفوں کو ہرانا ہو گا۔ فوٹو: فائل

راؤنڈ32 میں جگہ بنانے کیلیے ورلڈ چیمپئن کوتین انگلش حریفوں کو ہرانا ہو گا۔ فوٹو: فائل

بنکاک:  سکس ریڈ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے افتتاحی روز پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف اور ماجدعلی کو ابتدائی میچز میں شکست ہوگئی۔

آئی بی ایس ایف چیمپئن آصف کو ابتدائی میچ میں میزبان تھائی لینڈ کے ریچا پیوپاورام نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد 5-4 سے ہرایا، گروپ ’ ایچ ‘ میں موجود آصف نے ابتدائی 2 فریمز ہارنے کے بعد اگلے تینوں جیت کر مقابلے میں بھرپور واپسی کی، ایک موقع پر مقابلہ 4-4 سے برابر ہوگیا تاہم بیسٹ آف 9 کے اختتامی فریم میں میزبان پلیئر نے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی، مقابلے کا اسکور 0-50، 13-43، 59-5، 29-18، 47-0، 10-37، 33-25، 21-32 اور18-31 رہا۔

راؤنڈ 32 میں جگہ بنانے کیلیے آصف کو گروپ میں شامل دیگر تین انگلش حریفوں رکی ویلڈن، بیری ہاکنز اور اسٹیو ڈیویس کیخلاف بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، دوسری جانب ایشین انڈر21 رنر اپ محمد ماجدعلی کو ابتدائی مقابلے میں مالٹا کے ایلکس بورگ نے 5-3 سے زیر کرلیا، مقابلے میں دونوں پلیئرز نے بڑے بریکس کھیلے، اسجد اقبال اور حمزہ اکبر کے ساتھ ماجد کو مستقبل میں پاکستان کا بہترین پلیئر شمار کیا جاتا ہے۔

انھوں نے حریف کیخلاف اچھا کھیل پیش کیا لیکن اسے قابو کرنے میں ناکام رہے، میچ کا اسکور 44-0، 64-0 ،14-55، 42-0، 0-45، 42-18، 10-49 اور45-17 رہا۔7 ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیا بھر سے 48 ٹاپ کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلیے سرگرم ہیں، ٹورنامنٹ میں شریک پلیئرز کو8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ، راؤنڈ رابن لیگ کے بنیاد پر ہونے والے ایونٹ مقابلوں میں ہر گروپ سے 4 پلیئرز پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائینگے۔ا

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔